آسٹریا میں ستر سے زائد تارکین وطن کی لاشیں برآمد
Aug ۲۸, ۲۰۱۵ ۲۲:۰۰ Asia/Tehran
آسٹریا کے وزیر داخلہ کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ پولینڈ کی سرحدوں پر ستر سے زیادہ غیر قانونی تارکین وطن کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
ویانا سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق، آسٹریا کے وزیر داخلہ کے ترجمان، الیگزینڈر مارک ویٹس نے جمعے کے روز کہا کہ پولینڈ کی سرحد پر ایک ایسا ٹرک ملا ہے جس میں ستر سے زیادہ تارکین وطن کی لاشیں موجود تھیں۔ اس سے قبل پچاس لاشیں ملنے کی رپورٹیں منظر عام پر آئی تھیں۔ آسٹریا کے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ تارکین وطن دو دن پہلے ہی اس ٹرک میں ہلاک ہو چکے تھے اور ان کی لاشوں سے تعفن اٹھ رہا تھا۔ رپورٹوں کے مطابق پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو ڈھونڈ کر گرفتار کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ یورپ کے سرحدی کنٹرول کے ادارے فرونٹیکس نے اعلان کیا ہے کہ سنہ دو ہزار پندرہ کے ابتدائی سات مہینوں میں تین لاکھ چالیس ہزار تارکین وطن یورپ پہنچے ہیں جبکہ یہ تعداد سنہ دو ہزار چودہ کے ابتدائی سات مہینے میں ایک لاکھ تئیس ہزار پانچ سو تھی۔