Dec ۰۳, ۲۰۲۴ ۰۹:۱۱ Asia/Tehran
  • یمنی مسلح افواج نے امریکہ کے بحری جہازوں کو بنایا نشانہ

یمن نے ایک بار پھر غزہ میں صیہونی جرائم پر نوٹس لیتے ہوئے امریکہ کے ایک جنگی بحری بیڑے اور تین عسکری سپلائی جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے ترجمان جنرل یحییٰ السریع نے اپنی ایک پریس ریلیز میں اس آپریشن کی اطلاع دی ہے۔ بیان میں یحییٰ السریع کا کہنا تھا کہ یمنی فورسز نے ایک بے مثال مشترکہ آپریشن کیا جس میں انہوں نے ایک امریکی ڈسٹرایر اور اس سے متعلق تین لاجسٹک بحری جہازوں کو کامیابی کے ساتھ اپنے نشانے پر لیا ہے۔ یمنی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ یہ آپریشن سولہ بیلسٹک اور کروز میزائلوں اور ایک ڈرون کی مدد سے بحیرہ عرب اور خلیج عدن میں کیا جس میں اہداف پوری کامیابی کے ساتھ نشانہ بنے۔
جنرل سریع نے واضح کیا کہ یہ آپریشن مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت اور غزہ پٹی میں ہمارے بھائیوں کے خلاف صہیونی دشمن کے جرائم اور یمن پر امریکی اور برطانوی حملوں کے جواب میں کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے خبردار کیا کہ یمنی فورسز صہیونی دشمن اور امریکہ کے خلاف اپنی عسکری کارروائیاں تیز رفتاری سے جاری رکھے گی۔ انہوں نے ایک بار پھر امریکہ اور صیہونی حکومت کو یہ بات گوشگزار کی کہ جب تک غزہ کے خلاف جارحیت بند نہیں ہو جاتی، اُس وقت تک انکی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

ٹیگس