Jan ۰۲, ۲۰۱۹ ۱۶:۵۴ Asia/Tehran
  • افغان حکومت کی جانب سے ایران کی کوششوں کا خیرمقدم

افغانستان کی قومی حکومت نے اس ملک میں قیام امن کے لئے ایران کی کوششوں کا خیرمقدم کیا ہے

افغانستان کی قومی حکومت کے چیف ایگزیکٹیو کے ڈپٹی ترجمان نے طالبان کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے افغانستان میں امن و امان قائم کرنے کی ایران کی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران افغانوں کے درمیان مذاکرات کو آسان بنانے کی سعی کررہا ہے- انھوں نے مزید کہا کہ ایران نے امن کے عمل کے لئے  اپنی کوششوں کی تفصیلات پیش کی ہیں- اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ابھی حال ہی میں طالبان کے وفد کے دورہ تہران کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ طالبان کے وفد نے نائب وزیرخارجہ سیدعباس عراقچی کی قیادت میں ایرانی وفد سے گفتگو کی ہے- افغانستان میں قیام امن کے  لئے اس ملک کی حکومت کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کا تعاون کوئی نئی بات نہیں ہے کیونکہ اسلامی جمہوریہ ایران کی اصولی پالیسی افغانستان کی قومی حکومت ، اقتدار اعلی اور خودمختاری کی حمایت کرتا ہے - افغانستان کے سیاسی امور کے ماہر وحید مژدہ اس سلسلے میں کہتے ہیں کہ : بلاشبہ  اسلامی جمہوریہ ایران ، افغانستان کے مسائل کے حل میں تعمیری کردار ادا کر رہا ہے- بنا برایں امن مذاکرات میں اس کی صلاحیتوں سے مدد لینا چاہئے-

 اس بنا پر اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ بھی طالبان کے ساتھ مذاکرات کے لئے افغان حکومت کی کوششوں میں اپنی تمام صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کے لئے کوشاں ہے- اس میں شک نہیں ہے کہ افغانستان میں قیام امن علاقے کے تمام ممالک کے مفاد میں ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران بھی ہمیشہ افغانستان میں قیام امن کے لئے افغانوں کے درمیان مذاکرات پر تاکید کرتا رہا ہے- افغانستان میں برسوں سے جاری بحران اور تشدد سے پتہ چلتا ہے کہ غیرملکی خاص طور سے علاقے کے باہر کی مداخلتیں نہ صرف افغانستان میں بدامنی اور بحران میں شدت کو ہوا دے رہی ہیں بلکہ حالات کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہیں- اسی بنا پر اسلامی جمہوریہ ایران نہ صرف افغانستان میں دونوں فریقوں کو اس ملک میں امن و صلح کی دعوت دے رہا ہے بلکہ اس کا خیال ہے کہ طالبان گروہ بھی حالات کو سمجھتے ہوئے اپنے موقف کو تبدیل کرتے ہوئے افغانستان کے بحران کے سیاسی حل میں مدد کرے- کیونکہ اب اس ملک میں جنگ و خونریزی کا دور ختم ہوچکا ہے اور افغان عوام کو توقع ہے کہ تمام افغان گروہ بحران کے حل میں ایک دوسرے کا ساتھ دیں گے  اور ایک شاد و آباد افغانستان کے لئے کوشش کریں-

 کابل یونیورسٹی کے پروفیسر عبدالطیف نطری اس سلسلے میں اور افغانستان مین قیام امن میں مدد کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کے کردار کے بارے میں کہتے ہیں کہ : اسلامی جمہوریہ ایران نے علاقے کے ایک مضبوط و موثرملک کی حیثیت سے افغانستان میں سیاسی استحکام اور سیکورٹی کی بہتری کے لئے ہمیشہ کردار ادا کیا ہے - ایرانی حکام کا حالیہ دورہ کابل ، افغانستان اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان سیاسی ، ثقافتی اور سیکورٹی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے مفید و موثر ہے-

 بہرحال قابل توجہ نکتہ یہ ہے کہ افغانستان کے عوام کو طالبان گروہ سے جو خود کو ایک قومی گروہ سمجھتا ہے، یہ توقع ہے کہ وہ حکومت اور عوامی اداروں کے ساتھ تعاون کرکے افغانستان کی تعمیر و ترقی کی کوشش کرے- کیونکہ افغان عوام جنگ سے تھک چکے ہیں اور ضرورت اس بات کی ہے کہ اس ملک کی آئندہ نسل کی امن و صلح کے ماحول میں افغانستان کی صورت حال کی بہتری کے لئے تربیت کی جائے تاکہ مستقبل میں یہ ملک اپنی داخلی صلاحیتوں کے سہارے اپنی خودمختاری اور قومی اقتداراعلی کا پہلے سے زیادہ بہتر طریقے سے دفاع کرسکے- 

ٹیگس