Jan ۰۲, ۲۰۱۹ ۱۴:۰۹ Asia/Tehran
  • چابہار کو ملک کی عظیم بندرگاہ میں تبدیل کر دیا جائے گا، سینیئر نائب صدر

ایران کے سینیئر نائب صدر نے کہا ہے کہ جنوب مشرقی ایران کی بندرگاہ چابہار کو ملک کی سب سے بڑی بندرگاہ میں تبدیل کر دیا جائے گا۔

 صوبہ سیستان و بلوچستان  کے اپنے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے سینیئر نائب صدر اسحاق جہانگیری کا کہنا تھا کہ حکومت، مکران کے ساحلوں کو ترقی دینے کے منصوبے پر پوری سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔
 انہوں نے کہا کہ مکران کے ساحلوں سے پوری گنجائش کے ساتھ کام لیا جائے تو صوبہ سیستان بلوچستان اور ملک کے مشرقی علاقوں کو بے پناہ ترقی مل سکتی ہے۔
ایران کے سینیئر نائب صدر کا کہنا تھا کہ ہندوستان اور چین دونوں ممالک، چابہار کی بندرگاہ کے مختلف حصوں میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں اور ایران نے اس کا خـیر مقدم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ  اسلامی جمہوریہ ایران  چابہار بندرگاہ  میں وسطی ایشیا کے ملکوں اور چین و ہندوستان کے ساتھ وسیع تر تعاون کے لیے تیار ہے۔
اسحاق جہانگیری نے آبنائے ہرمز کی اسٹریٹیجک اہمیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس آبی گزرگاہ کی حفاظت کرنا ایران کی ذمہ داری ہے اور ہم کسی کو بھی اس علاقے میں بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ٹیگس