Mar ۰۸, ۲۰۱۷ ۰۸:۳۰ Asia/Tehran
  • اتر پردیش اور منی پوراسمبلی انتخابات کے آخری مرحلے کی پولنگ

ہندوستان کی دو ریاستوں اتر پردیش اور منی پوراسمبلی انتخابات کے آخری مرحلے کی پولنگ آج صبح 7 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے میں سات اضلاع کی 40 سیٹوں پر ووٹنگ آج بدھ کی صبح سات بجے شروع ہو گئی۔ اس مرحلے میں ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کا پارلیمانی حلقہ وارانسی، ریلوے وزیر منوج سنہا کا ضلع غازی پور اور مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کا آبائی ضلع چندولی بھی شامل ہے، جہاں ان سب کی ساکھ داؤ پر لگی ہے۔ الیکشن کمیشن نے نکسل متاثرہ تین نشستوں پر پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹے کی کمی کی ہے۔ وہاں صبح سات سے شام چار بجے تک ہی ووٹ ڈالے جائیں گے۔

ساتویں مرحلے میں سات اضلاع کے 40 اسمبلی حلقوں میں کل ووٹروں کی تعداد 1،41،88،233 ہے جس میں مردوں کی تعداد 76،87،816 اور خواتین ووٹروں کی تعداد 64،99،711، اور تھرڈ جینڈر کی تعداد 706 ہے۔

اس مرحلے میں کل امیدواروں کی تعداد 535 ہے، جس میں کل خواتین امیدواروں کی تعداد 51 ہے، جبکہ سب سے زیادہ 24 امیدوار وارانسی کینٹ میں ہیں۔ اس مرحلے میں سب سے کم چھ امیدوار كیراكت (جونپور) میں ہیں زیادہ تر پولنگ مراکز پر نیم فوجی دستوں کے اہلکارتعینات ہیں۔

در ایں اثناء منی پور اسمبلی انتخابات کے دوسرے اورآخری مرحلے کے لئے ووٹنگ  آج صبح سات بجے شروع ہو گئی ہے۔ یہاں 22 سیٹوں کے لئے ووٹنگ ہو رہی ہے۔ ریاست منی پور کے وزیراعلی اوكرم ابوبی سنگھ نے تھوبل کے اتھوكپم ماكھا ​​لیکئی میں پولنگ بوتھ 35/41 پر اپنا ووٹ ڈالا۔ سب کی نظریں تھوبل حلقہ میں وزیر اعلی اوكرم ابوبی سنگھ اور انسانی حقوق کارکن اروم شرمیلا کے درمیان مقابلے پر ٹکی ہوئی ہیں۔

آج ہونے والی 22 سیٹوں میں تھوبل ضلع اور پہاڑی اضلاع اكھرل، چندیل، تامنگلنگا اور سوناپتی شامل ہیں۔

 

ٹیگس