Nov ۰۸, ۲۰۲۰ ۱۹:۲۶ Asia/Tehran
  • مودی نے ملک میں نوٹ بندی کا فیصلہ اپنے دوستوں کی خاطر کیا تھا: راہل گاندھی

کانگریس پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے الزام لگایاہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک میں نوٹ بندی کا فیصلہ اپنے چند سرمایہ دار دوستوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے کیا تھا۔

ہندوستان میں چار سال قبل آج ہی کے دن مرکزی حکومت نے نوٹ بندی کا اعلان کیا تھا۔ کانگریس پارٹی کے سابق صدر اور وائناڈ سے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے ایک بیان میں چار سال قبل ملک میں نوٹ بندی کے اعلان کو ایک بڑا قومی سانحہ قرار دیا۔

انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے نوٹ بندی کا فیصلہ سوچ سمجھ کر شعوری طور پر کیا تھا مگر وہ صرف اپنے چند سرمایہ دار دوستوں کو فائدہ پہنچانا چاہتے تھے اور اس طرح انہوں نے نوٹ بندی کا اعلان کرکے پورے ملک کو بحران میں مبتلا کردیا تھا۔

کانگریسی رہنما راہل گاندھی نے ہندوستانی عوام کو مخاطب کر کے کہا کہ اس غلط فہمی میں نہ رہئے کہ نوٹ بندی میں وزیر اعظم سے غلطی ہوئی تھی۔ انھوں نے کہا کہ کوئی غلطی نہیں ہوئی تھی، یہ فیصلہ سوچ سمجھ کر منصوبہ بندی کے ساتھ کیا گیا تھ ۔

انھوں نے عوام سے اس سلسلے میں آواز اٹھانے کا مطالبہ کیا۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستان میں نوٹ بندی کو چار سال پورے ہونے پر کانگریس پارٹی اتوار کو ملک میں دھوکہ دہی کا دن مناتے ہوئے حکومت کے خلاف ڈیجیٹل مہم چلا رہی ہے۔

ٹیگس