Nov ۱۸, ۲۰۱۵ ۱۸:۳۲ Asia/Tehran
  • ایران کے مغربی صوبے کرمانشاہ سے داعش کے درجنوں دہشت گردگرفتار
    ایران کے مغربی صوبے کرمانشاہ سے داعش کے درجنوں دہشت گردگرفتار

ایران کے سیکورٹی اداروں نے ملک کے مغربی صوبے کرمانشاہ سے داعش کے درجنوں دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

صوبہ کرمانشاہ کے اعلی سیکورٹی افسر بریگیڈیئر جنرل بہمن ریحانی نے کہا ہے کہ یہ افراد پچھلے دوسال سے اس علاقے میں داعش کے لیے خفیہ سرگرمیاں انجام دے رہے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ان لوگوں کو سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی اور نیشنل انٹیلی جینس کی مشترکہ کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا ہے۔

بریگیڈیئر جنرل بہمن ریحانی کے مطابق گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کی ایک ٹیم کرمانشاہ صوبے میں دہشت گردی کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پوری طرح تیار تھی ۔

انہوں نے بتایا کہ داعش دہشت گردوں کی اس ٹیم کے قبضے سے ٹائم بم اور دیگر فوجی ساز و سامان برآمد ہوا ہے۔

بریگیڈیئر جنرل ریحانی کا کہنا تھا کہ فوج، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی اور سرحدی محافظین پوری طرح چوکس ہیں اور ہماری سرحدیں پوری طرح سے محفوظ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے تین ماہ کے دوران سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی نبی اکرم کور نے پژاک سمیت انقلاب دشمن عناصر کی تین ٹیموں کو نابود کر دیا گیا ہے۔

ٹیگس