Oct ۱۲, ۲۰۱۷ ۱۷:۳۵ Asia/Tehran
  • سپاہ پاسداران دہشت گردی کے خلاف سب سے مضبوط ادارہ ہے، وزیردفاع

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیردفاع نے کہا ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی دہشت گردی کے خلاف سب سے مضبوط ادارہ ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے آگے ہے۔

ایران کے وزیردفاع امیرحاتمی نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں سپاہ پاسداران کے خلاف امریکی حکومت  اور حکام کے حالیہ موقف اور دھمکیوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سپاہ، فوج اور ایران کے دیگر دفاعی ادارے امریکی حکومت کی مخاصمانہ پالیسیوں اور اقدامات کے مقابلے میں متحد اور مکمل یکجہتی کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں اور اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ پراکسی وار اور دہشت گردی کا دائرہ پھیلا کرعلاقے کی سیکورٹی کو نقصان پہنچایا جائے-

وزیردفاع نے سپاہ پاسداران کو علاقے میں دہشت گردی کے خلاف سب سے محبوب اور مقبول فورس قرار دیا اور کہا کہ سپاہ پاسداران کو دہشت گرد قرار دینا یا اس پر پابندیاں عائد کرنا ایک طرح کا دہشت گردانہ اقدام ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کرنے والے اس ادارے کو کمزور کرنے کی ہر طرح کی کوشش اور سازش علاقے اور پوری دنیا میں دہشت گردی اور بدامنی کو پھیلانے میں مدد  دے گی-

انہوں نے کہا کہ  سپاہ پاسداران کے خلاف مخاصمانہ اقدامات کے پس پردہ منصوبہ سازی صیہونی لابی کر رہی ہے- ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے جس راستے کا انتخاب کیا ہے اس سے دنیا جنگ و خونریزی کی طرف بڑھ رہی ہے-

ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور دنیا کے روشن خیال اور دانشور طبقے اس طرح کی خطرناک سیاست اور اقدامات کو برداشت نہیں کریں گے-

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیردفاع امیر حاتمی نے کہا کہ ٹرمپ ایسے فیصلے نہ کریں کہ جن کی وجہ سے اقتدار سے ان کی برطرفی ایک عالمی مطالبے میں تبدیل ہو جائے اور یہ کہا جانے لگے کہ دنیا میں جنگ و بدامنی کے خاتمے کے لئے ٹرمپ کا اقتدار سے جانا ضروری ہو گیا ہے-

اطلاعات ہیں کہ امریکی صدر جمعے کو ایٹمی معاہدے کے بارے میں اپنا فیصلہ اور ایران منجملہ سپاہ پاسداران کے خلاف اپنے نئے اقدامات کے لئے امریکا کی پالیسی کا اعلان کریں گے-

دوسری جانب تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سکریٹری محسن رضائی نے بھی کہا ہے کہ ٹرمپ اگر سپاہ پاسداران کے مدمقابل آتے ہیں تو دسیوں لاکھ ایرانی شہری سپاہ پاسداران میں شامل ہو جائیں گے-

یاد رہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی شام اور عراق میں امریکا کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے-

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی شام اور عراق کی حکومتوں کی درخواست پر ان ملکوں کی افواج  کو دہشت گردی کے خلاف جنک میں فوجی صلاح و مشورے دے رہی ہے-     

 

ٹیگس