Nov ۱۴, ۲۰۱۷ ۰۹:۳۹ Asia/Tehran
  • زلزلے کی تباہ کاریاں، ایران میں آج عام سوگ

ایران کے مغربی صوبے کرمانشاہ میں زلزلہ سے متاثرین کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کے اظہار کے لئے آج منگل کو ملک بھر میں عام سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔

کابینہ کے اراکین نے ایک بیان میں اس دردناک حادثے پر رہبر معظم انقلاب اسلامی، ایرانی قوم بالخصوص صوبہ کرمانشاہ کے شہید پرورعوام کو تعزیت اور تسلیت پیش کی ہے۔ ایرانی حکومت نے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں امداد بہم پہنچانے والے سول اور فوجی  اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔

واضح رہے کہ اتوار کی رات اسلامی جمہوریہ ایران کے عراق ملحقہ سرحدی علاقوں میں آنے والے 7.3ریکٹر اسکیل پر زلزلے نے ایران کے مغربی علاقوں خاص طور سے صوبہ کرمانشاہ میں تباہی مچا دی اور اب تک 430 افراد جاں بحق جبکہ 7370افراد زخمی ہوئے ہیں۔

متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ فوج ، سپاہ پاسداران انقلاب کے دستے اور عوامی رضا کار فورس (بسیج) امدادی کاموں میں بھر پورتعاون کررہے ہیں۔

زلزلے کے نتیجے میں کئی دیہاتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ اور 12000ہزار رہائشی مکانات تباہ ہو گئے ہیں۔ دور دراز کے علاقوں میں امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا بھی ہے۔

ایران کے ایمرجنسی سینٹر کے سربراہ پیر حسین کولیوند کا کہنا ہے کہ سڑکوں کے ٹوٹ جانے اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے دیہی علاقوں میں امدادی ٹیمیں بھیجنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں ۔

ذرائع کے مطابق زلزلے کے جھٹکے عراق ایران، لبنان، کویت، ترکی اور پاکستان میں بھی محسوس کیے گئے۔

 

ٹیگس