Jun ۱۵, ۲۰۱۸ ۱۱:۴۶ Asia/Tehran
  • امریکہ کوعلاقے میں شکست ہوئی: رہبر انقلاب اسلامی

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ امریکی صدر خود اس بات کا اعتراف کرچکے ہیں کہ انہوں نے مغربی ایشیائی خطے میں 7 کھرب ڈالر خرچ کئے مگر انھیں کچھ نہیں ملا لہذا اس سے خطے میں امریکی شکست ظاہر ہوتی ہے ۔

آج ایران میں عید الفطر پوری مذہبی اور روائتی جوش و جذبے کےساتھ منائی جارہی ہے۔  اس موقع پر ایران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں قریوں اور دیہاتوں میں نماز عیدالفطر کے پرشکوہ اجتماعات منعقد ہوئے جن میں کروڑوں فرزندان اسلام نے شرکت کی اور ماہ مبارک رمضان کے دوران اطاعت و بندگی کی توفیق عطا کرنے پر رب کریم کے حضور سجدوں اور شکرانے کا نذرانہ پیش کیا۔

دارالحکومت تہران میں بھی جمعے کی صبح نمازعیدالفطر کا عظیم الشان اجتماع عیدگاہ امام خمینی رح میں منعقد ہوا جہاں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے نماز عید کی امامت کی اور خطبے ارشاد فرمائے۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے نماز عید الفطر کے خطبوں کے آغاز میں ایرانی عوام اور پوری امت مسلمہ کو اس عید عظمی کی مبارک باد پیش کی۔ رہبر انقلاب اسلامی نے عید فطر کو یوم جزا اور رمضان کے مبارک مہینے کو اطاعت خداوندی اور قرب الہی کے میدان میں مومنین کے درمیان ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کا وسیلہ قرار دیا۔ آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ خدا وند تعالی کے لطف و کرم سے ایران کے عوام ہر سال، اس معنوی اور روحانی امتحان اور نیکیوں کی انجام دہی میں زیادہ سے زیادہ نمبر حاصل کرتے جارہے ہیں۔آپ نے فرمایا کہ امریکی صدر کے اعتراف سے اس بات کی نشاندھی ہوتی ہے کہ بڑا شیطان(امریکہ) اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے اور وہ علاقے میں جتنے چاہے پیسے خرچ کرلے ، آئندہ بھی اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکے گا۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ امریکی صدر نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ امریکہ نے مغربی ایشیا میں سات کھرب ڈالر خرچ کئے مگر کچھ حاصل نہیں ہوا، اس سے خطے میں امریکی شکست ظاہر ہوتی ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ بڑی شیطانی طاقتیں ملت ایران کی استقامت، طاقت، خود مختاری اور فکری و عملی بالیدگی سے بری طرح سیخ پا ہیں اور ایران کے خلاف پے در پے سازشوں کی اہم وجہ بھی یہی ہے۔آپ نے زور دے کر فرمایا کہ بڑی طاقتیں اپنی پوری کوشش کر رہی ہیں لیکن انہیں مسلسل شکست کا سامنا ہے۔آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایرانی عوام سے اپیل کی کہ وہ پوری طرح ہوشیار اوربیدار رہیں اور دشمن کی سازشوں کو سمجھنے کی کوشش کریں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ عوام پر اقتصادی دباؤ ڈالنا دشمن کا ایک اہم حربہ ہے تاکہ عوام کو اسلامی نظام سے بدظن اور مایوس کریں -

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے عالمی یوم القدس کی ریلیوں میں ایرانی عوام کی عظیم الشان اور تاریخی شرکت کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں اس سال کی ریلیوں میں ایرانی عوام کی شرکت تاریخی رہی جس سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ عوام مایوس نہیں بلکہ وہ مزید پُرعزم ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ مختلف ممالک میں نکالی گئیں یوم القدس کی شاندار ریلیوں سے یہ پیغام ملا ہے کہ اغیار کے منفی پروپیگنڈے کے باوجود ایرانی قوم اور مسلم اقوام کے درمیان قربت اور ہم آہنگی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

ٹیگس