Feb ۲۴, ۲۰۲۰ ۲۱:۴۰ Asia/Tehran
  • ہمسایہ ممالک کے ساتھ سرحدوں کی بندش عارضی ہے: ایرانی وزارت خارجہ

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ ایران کی سرحدیں کورونا وائرس سے مقابلہ کرنے کیلئےعارضی طور پر بند ہوئی ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے آج پیر کے روز ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے ایران میں کورونا وائرس کی صورتحال کے بارے میں کہا کہ جب ایران میں کورونا وائرس کی رپورٹ مثبت آئی تو ایران کے ہمسایہ ممالک میں کورونا وائرس سے متعلق تشویش پائی گئی  تاہم  یہ مسئلہ  پبلک ریلیشن اوردرآمدات اور برآمدات میں رکاوٹ کا باعث نہیں ہونا چاہئیے۔

سید عباس موسوی نے کہا کہ ایران کی وزارت خارجہ نے اپنے سفارتخانوں کے ذریعے ہمسایہ ممالک کے اعلی حکام کے ساتھ گفتگو کا سلسلہ شروع کیا تا کہ انھیں یہ یقین دلایا جا سکے کہ سرحدوں سے کوئی مشکوک چیز نہیں جا سکتی۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان  نے کہا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ سرحدوں کی بندش عارضی ہے جواحتیاطی تدابیر کے تحت عمل میں آئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس کے آخری ایام میں کورونا وائرس مشرقی چین کے شہرووہان میں سامنے آیا اور اب یہ چین کے تیس صوبوں کے علاوہ کم از کم پچیس دیگر ملکوں میں بھی سرایت کر چکا ہے جن میں امریکہ ،برطانیہ، آسٹریلیا، تھائی لینڈ، ایران، جنوبی کوریا، جاپان، کینیڈا،فرانس، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کے تقریبا اناسی ہزارکیس سامنے آچکے ہیں جن میں سے اٹھارہ ہزار کو ہسپتالوں سے ڈسچارج کیا گیا اور دوہزار چار سو سے زائد افراد کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔

ٹیگس