Feb ۲۸, ۲۰۲۰ ۱۷:۰۴ Asia/Tehran
  • کرونا وائرس کا مقابلہ کرنے والی کیٹس کی پہلی کھیپ چین سے ایران پہنچ گئی

چین کے سفیر نے کہا ہے کرونا وائرس سے مقابلے کی غرض سے چینی امداد کی پہلی کھیپ ایران پہنچ گئی ہے

تہران میں چین کے سفیر چانگ ہوا نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ چین کی جانب سے انسداد کرونا وائرس کے لیے روانہ کی جانے والے پہلی امدادی کھیپ تہران پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا  کہ عنقریب ایسی مزید امدادی کھیپیں ایران پہنچ جائیں گی۔
اس سے قبل ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے چین کی جانب سے امداد روانہ کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ امدادی کھیپ میں بیس ہزار کرونا وائرس ٹیسٹ کیٹس اور دوسرا طبی سامان شامل ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران  دنیا کے ان ملکوں میں شامل ہے جنہوں نے چین میں کرونا وائرس کے وبائی شکل اختیار کرنے کے بعد سب سے پہلے امدادی سامان چین روانہ کیا تھا۔ ایران نے اس وقت چین کے لیے تیس لاکھ ماسک اور دوسرے طبی سامان پر مشتمل متعدد امدادی کھیپیں چین روانہ کیں تھیں۔
گذشتہ دسمبر میں چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والا کرونا وائرس اس وقت چین کے تیس صوبوں کے علاوہ امریکہ، یورپ، مغربی ایشیا سمیت دنیا کے پچاس ملکوں میں  پھیل گیا ہے۔ 
پوری دنیا میں بیاسی ہزار سے زائد افراد اب تک کرونا میں مبتلا ہوچکے ہیں جبکہ دوہزار آٹھ سو افراد اس بیماری کے نتیجے میں ہلاک ہوچکے ہیں۔

ٹیگس