کورونا سے دنیا میں تشویش، ہندوستان میں زیر علاج مریضوں کی تعداد بڑھ کر 3420 اور 4 نئی اموات
کورونا وائرس نے ایک بار پھر دنیا میں لوگوں کو تشویش میں ڈالنا شروع کردیا ہے اور ہندوستان میں زیر علاج مریضوں کی تعداد بڑھ کر 3420 ہوگئی ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: خطرناک کورونا وائرس نے ایک بار پھر دنیا کے مختلف ممالک کو اپنی گرفت میں لینا شروع کردیا ہے۔ عالمی ادارۂ صحت، ڈبلیو ایچ او، کی تازہ رپورٹ کے مطابق مختلف ممالک میں گزشتہ 28 دن میں مجموعی طور پر کورونا کے مریضوں کی تعداد میں 52 فی صد اضافہ ہوگیا ہے اور اس دوران 3 ہزار سے زیادہ افراد کی موت ہوئی ہے۔
ادھر ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کووڈ انیس کے 752 نئے کیس درج ہوئے ہیں اور زیر علاج مریضوں کی تعداد بڑھ کر 3420 ہوگئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق رواں سال 21 مئی کے بعد سے ہندوستان میں ایک دن میں سامنے آنے والے کورونا کے سب سے زیادہ کیس ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا نے 4 افراد کی جان لی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ دنیا کے کئی ملکوں میں کورونا کی نئی قسم جے این-1 کے کیس درج کئے گئے ہیں اور ان میں اضافہ ہی ہورہا ہے۔ ہندوستان کی وزارت صحت کے مطابق جے این-1 کے کیس امریکہ، چین، سنگاپور اور ہندوستان میں پائے گئے ہیں۔