Dec ۳۰, ۲۰۲۳ ۱۸:۴۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان: کورونا سے مزید 7 اموات اور 977 نئے کیس، 7 مہینے کا ریکارڈ ٹوٹا

ہندوستان میں کورونا سے نئی 7 اموات ہوئی ہیں اور کورونا مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے نتیجے میں 7 افراد کی موت ہوئی ہے اور کورونا کے مریضوں کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ اس صورت حال کے پیش نظر لوگوں کی تشویش میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ہندوستان میں کووڈ انیس کے معاملات آہستہ آہستہ دوبارہ بڑھنے لگے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے 977 نئے کیس درج کئے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ملک میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 4,091 ریکارڈ کی گئی۔ یہ اس سال 19 مئی کے بعد سے ملک میں ایک دن میں رپورٹ ہونے والے کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیس ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں ہندوستان میں ہونے والی 7 اموات میں کیرالہ میں تین اموات، کرناٹک میں دو اور تمل ناڈو اور چھتیس گڑھ میں ایک ایک موت ہوئی ہے۔

اس کے علاوہ 28 دسمبر تک ہندوستان میں کووڈ 19 کی ذیلی قسم جے این-1 کے کل 145 کیس درج ہوئے ہیں۔ یہ کیس 21 نومبر سے 18 دسمبر 2023 کے درمیان جمع کیے گئے نمونوں میں پائے گئے۔  یہ ذیلی قسم اومکرون کی ذیلی قسم سے ماخوذ ہے۔ کیرالہ اس کیس کی رپورٹ کرنے والی پہلی ریاست ہے۔

گزشتہ 19مئی کو ملک میں 865 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے تھے۔ جنوری سنہ 2020 میں  کووڈ انیس پھیلنے کے بعد سے اب تک ہندوستان میں کیسوں کی کل تعداد 4,50,12,484 ہو گئی ہے جبکہ اسی عرصے میں ہندوستان میں کووڈ 19 سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 5,33,358 ہوئی ہے۔

 

ٹیگس