Mar ۰۵, ۲۰۲۰ ۰۸:۴۸ Asia/Tehran
  • ایران کے وزیرخارجہ کی کورونا کو شکست دینے کے لئے سفارتی سرگرمیاں

ایران کے وزیر خارجہ نے پاکستان، روس، سوئٹزرلینڈ ، عراق اور ناروے کے وزراء خارجہ اور یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ سے ٹیلی فونی گفتگو کی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور روس کے وزیر خارجہ لاوروف نے ٹیلیفون پرگفتگو میں شام میں جاری بحران کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ۔ اس ٹیلیفونی گفتگو میں دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات ، شام میں جاری کشیدگی اور آستانہ معاہدے کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ 

در ایں اثنا اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے وزرائے خارجہ نے ایک ٹیلی فونک رابطے کے دوران باہمی تعلقات سمیت کورونا وائرس کی روک تھام اور افغانستان کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا۔

محمد جواد ظریف اور شاہ محمود قریشی نے بدھ کو ایک ٹیلی فونک رابطے کے دوران علاقے میں کورونا وائرس کی روک تھام سے متعلق ضروری اقدامات سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور افغانستان کی تازہ ترین تبدیلیوں پر تبادلہ خیال کیا۔

دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے گزشتہ روز اپنی ناروین ہم منصب محترمہ اینه ماری اریکسون سوریڈه کے ساتھ ایک ٹیلی فونک رابطے میں کورونا وائرس سے کا مقابلہ کرنے کیلئے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون پر گفتگو کی۔

اسی طرح اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ وسپ بورل کی  بدھ کی شب ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی جس میں دنیا میں کورونا وائرس کے پھیلاو، اس کے خلاف ایران کے اقدامات اور ساتھ ہی جوہری معاہدے پرعملدرآمد اور جوہری توانائی کے عالمی ادارے کی مغرضانہ رپورٹ پر تبادلہ خیال  ہوا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اس سے قبل سوئیزرلینڈ  نیز عراق کے وزیر خارجہ محمد علی الحکیم کے ساتھ بھی ٹیلیفون پر تبادلہ خیال کیا ۔ ایرانی وزیر خارجہ اور مذکورہ ممالک کے وزراء خارجہ نے باہمی گفتگو میں دنیا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور اس کی روک تھام کے بارے میں بھی اجتماعی تعاون پر تاکید کی۔

ٹیگس