Apr ۰۲, ۲۰۲۰ ۱۸:۵۹ Asia/Tehran
  • ایران میں جنگی پیمانے پر جاری ہے کورونا مخالف مہم

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر روحانی نے کورونا وائرس کے خلاف فوج، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی اور عوامی رضاکار فورس بسیج کے جوانوں  کے اقدامات اور مجاہدانہ کاوشوں کو قابل تعریف قرار دیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران میں کورونا وائرس سے جنگی پیمانے پر نمٹنے کی مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ اس مہم میں ملک کی وزارت صحت کے کارکنوں، ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر پیرا میڈیکل اسٹاف نیز مختلف دیگر اداروں اور نالج بیسڈ کمپنیوں کے ساتھ ہی ملک کی مسلح افواج بھی شریک ہیں۔

متاثرین کے علاوہ ان سے رابطے میں رہے والوں کا پتہ لگانا، انہیں آئسولیشن میں رکھنا، متاثرین کا معقول علاج، جراثیمی اور بائیولوجیکل حملوں کی دفاعی مشقوں کے تحت پورے ملک کی سڑکوں، پارکوں، پبلک مقامات کو ڈس انفیکٹ کرنے کے لئے چھڑکاؤ، کورونا وائرس کے بارے میں لوگوں میں بیداری پیدا کرنا اور سوشل ڈسٹینس مینٹین رکھننے جیسی دیگر ضروری کاروائیاں، انسداد کورونا مہم میں شامل ہیں۔

اس دوران صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے کورونا وائرس کے خلاف مہم میں ملک کی مسلح افواج کی بھرپور شرکت کی قدردانی کی ہے۔ یاد رہے کہ کورونا وائرس کے خلاف مہم کے تحت قائم کئے جانے والے ہیڈ کواٹر کے سربراہ جنرل محمد باقری نے مسلح افواج کے امام رضا معالجاتی ہیڈکواٹر کے اقدامات کی رپورٹ بدھ کو صدر مملکت کو پیش کی۔ صدر روحانی نے اس رپورٹ کے جواب میں کورونا وائرس کے خلاف فوج، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی اور عوامی رضا کار فورس بسیج کے جوانوں  کے اقدامات اور مجاہدانہ کاوشوں کو قابل تعریف قرار دیا ہے۔

ایران کی وزرات صحت نے اعلان کیا ہے کہ جمعرات کی دوپہر تک کورونا وائرس میں مبتلا پچاس ہزار چار سو اڑ‎ سٹھ افراد میں سے سولہ ہزار سات سو گیارہ افراد صحتیاب ہوکے اسپتالوں سے اپنے گھروں کو جاچکے تھے۔ ایران کی وزارت صحت کے مطابق کورونا وائرس کے خلاف ملک گیر مہم کے تحت اب تک چھے کروڑ نوے لاکھ سے زائد کی اسکریننگ مکمل ہو چکی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ایران کورونا وائرس کے خلاف کامیاب جہادی مہم کے دوران کورونا ٹیسٹ کٹ کی پیداوار میں بھی خود کفیل ہو چکا ہے۔  ایران کی وزارت صحت نے کورونا وائرس ٹیسٹ کٹ علاقائی اور پڑوسی ملکوں کو بھی فراہم کرنے کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کیا ہے۔

ٹیگس