Oct ۲۹, ۲۰۲۰ ۱۰:۲۸ Asia/Tehran
  • قرہ باغ مسئلہ کے حل کیلئے ایران کی تجویز پرآذربائیجان کا  مثبت رد عمل

قرہ باغ کے مسئلہ کے حل کے تعلق سے ایران کی پیش کردہ تجاویز کا آذربائیجان نے خیر مقدم کیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے آذربائیجان  کے دورے کے اختتام پر آئی آر آئی بی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجموعی طور قرہ باغ کے متنازعہ معاملے پر ایران کی پیش کردہ تجاویز پر باکو کے حکام منجملہ صدر الہام علی اف کی رائے مثبت رہی۔

ایران کے صدر کے خصوصی نمائندے نے کہا ہم اپنی تجاویز ماسکو، ایروان اور انقرہ کے سامنے بھی رکھیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایران کی پیش کردہ تجاویز اور حالات کا تمام تر دقت نظر کے ساتھ جائزہ لینے کے بعد آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان جاری کشیدگی کو ختم کرنے کے لئے ایک راہ ہموار ہو جائے گی۔

خیال رہے کہ دو پڑوسی ممالک آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان جاری جنگ اور اختلافات کو کم کرنے کی غرض سے ایران نے سفارتکاری تیز کردی ہے جس کے تحت ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی منگل کی شب باکو پہنچے تھے ۔ عباس عراقچی آذربائیجان کے بعد روس، آرمینیا اور ترکی کا بھی دورہ کریں گے۔

قابل ذکر ہے کہ قرہ باغ خطے کے مسئلے پر آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان ستائیس ستمبر سے جنگ جاری ہے جس میں اب تک ہزاروں افراد مارے جا چکے ہیں۔

ٹیگس