Aug ۲۱, ۲۰۱۷ ۱۶:۱۹ Asia/Tehran
  •  عالمی یوم مساجد، صیہونی جرائم کی یاد تازہ کرتا ہے

آج عالمی یوم مساجد ہے اور یہ دن ، مسجدالاقصی کو نذرآتش کرنے کے گھناؤنے صیہونی جرائم کی یاد دلاتا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے اصرار پر اکیس اگست کو اسلامی تعاون تنظیم کی جانب سے عالمی یوم مساجد کا نام دیا گیا ہے تاکہ مساجد کے احترام و تکریم کی زمین ہموار کی جا سکے۔
اکیس اگست انیس سو انہتر کو ادیان الہی کے مقدس ترین مقام اور مسلمانوں کے قبلہ اول مسجدالاقصی کو صیہونی حکومت کے ہاتھوں نذر آتش کیا جانا، اس کے گھناؤنے جرائم کی ایک اور دستاویز اور قدس کے غاصبوں کے لئے ایک بدنما داغ اور کلنک کا ٹیکہ ہے جو کبھی نہیں مٹ سکتا۔
جمعیت برائے دفاع ملت فلسطین نامی گروہ نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی، انیس سو اڑتالیس میں فلسطین پر قبضہ کے بعد سے ہی سرزمین فلسطین کا تشخص تبدیل کرنے اور مٹانے پر تلے ہوئے ہیں جبکہ فلسطینیوں کو دربدر کر کے ان کی جگہ یہودیوں کو لاکر آباد کرنا، فلسطینی زمینوں پر مسلسل قبضہ کرنا، تاریخی مقامات کو تباہ و برباد کرنا اور مسجدوں کو ڈھانا اور اس کے استعمال کو تبدیل کرنا ، صیہونی حکومت کی مسلسل پالیسیوں کا حصہ رہا ہے۔
اس بیان میں آیا ہے کہ انیس سو سڑسٹھ میں بیت المقدس پر مکمل قبضے کے بعد فلسطین میں اسلامی تشخص کو مٹانے کی غرض سے حرم شریف کو پوری طرح ختم کرنا غاصب اسرائیلی حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
جمعیت برائے دفاع از ملت فلسطین نے اپنے بیان میں فلسطین کے اسلامی تشخص پر تاکید کرتے ہوئے اور اس پر صیہونیوں کے قبضے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین ایک اسلامی ملک ہے اور بیت المقدس اور مسجد الاقصی مسلمانوں کا پہلا قبلہ ہے اور اس کی حفاظت پورے عالم اسلام پر فرض ہے۔
اکیس اگست انیس سو سڑسٹھ میں آسٹریلوی نژاد صیہونی ڈینیس مائیکل روہن نے قبلہ اول مسجدالاقصی کو نذرآتش کردیا تھا۔
آج مائیکل روہن کے ہاتھوں مسجدالاقصی کو نذرآتش کئے ہوئے اڑتالیس سال پورے ہوگئے ہیں اوراسی مناسبت سے آج کے دن کو یوم مساجد کا نام دیا گیا ہے۔

ٹیگس