Sep ۲۲, ۲۰۱۷ ۰۷:۳۲ Asia/Tehran
  • محرم ماہ عزا ماہ غم

اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ ساتھ عالم اسلام اور دنیا کے بیشتر ملکوں میں محرم الحرام کا چاند نظر آگیا اور ہر طرف یاحسین کی صدائیں بلند ہونے لگی ہیں۔

محرم وہ مہینہ ہے جب حضرت امام حسین(ع) نے میدان کربلا میں حق و باطل، علم و جہل، رضائے الٰہی اور خواہشات نفسانی کے درمیان حد فاصل قائم کرنے والی وہ عظیم و بے مثال قربانی پیش کی کہ محرم الحرام کی نسبت ہی امام عالی مقام سے ہوگئی۔ حضرت امام حسین (ع) کی ذات اقدس اور مقصد شہادت اتنا بلند ہے کہ ضروری نہیں ہر ذہن ان فضائل، مراتب اور راہ خدا میں اس بے مثال قربانی کا احاطہ کرسکے، جو خاندان نبوت نے میدان کربلا میں پیش کی۔

آج ایران میں  پہلا محرم ہے پورا اسلامی جمہوریہ ایران سیاہ پوش ہوگیا اور سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں مجالس عزا کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

امام عالیمقام حضرت امام حسین علیہ السلام  اور ان کے اصحاب با وفا کے غم میں مساجد، امامبارگاہوں اور گھروں میں فرش عزائے سید الشہدا بچھ گئے ہیں اور ہر طرف یاحسین کی صدائیں بلند ہیں۔

مساجد اور امام بارگاہوں سے ذاکرین اور خطبا کی تقریروں  کی آوازیں سنائی دینے لگی ہیں اور ہر طرف ایک ہی آواز یعنی حسین زندہ باد کی صدا سنائی دے رہی ہے-

کربلائے معلی سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق کل جمعرات کو غروب آفتاب کے ساتھ ہی امام حسین علیہ السلام کے حرم مطہر کے گنبد کے سرخ پرچم کو اتار کر سیاہ پرچم نصب کردیا گیا۔ اس دوران عاشقان امام مظلوم کربلا دنیا کے گوشہ وکنار سے بڑی تعداد میں کربلائے معلی پہنچ رہے ہیں۔

پاکستان اور ہندوستان میں بھی محرم کا چاند نظرآتے ہی سیدہ کونین  کے لال کے غم  میں فرش عزا بچھ گئی ہے اور مجالس و نوحہ و ماتم کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے- پاکستان کے مختلف شہروں خاص طور پر کراچی، راولپنڈی، لاہور، کوئٹہ اور حیدرآباد میں عشرہ محرم کی مناسبت سے سیکورٹی کے خصوصی انتطامات کئے گئے ہیں-

ہندوستان میں بھی سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس ہائے عزا اور مجالس و ماتم کا سلسلہ اپنے روایتی انداز میں  مذھبی جوش و جذبے کے ساتھ شروع ہو گیا ہے۔

سحرعالمی نیٹ ورک غم و اندوہ کے اس موقع پراپنے تمام سامعین،ناظرین اورعزاداران امام عالیمقام کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہے۔

 

ٹیگس