Dec ۱۱, ۲۰۱۷ ۱۴:۲۹ Asia/Tehran
  • عراق میں داعش کے خلاف کامیابی پر نجف میں کانفرنس

عراق میں داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف حاصل ہونے والی عظیم کامیابی پر نجف اشرف میں اعلی عراقی حکام، عوامی رضاکار فورس کے عہدیداروں نیز مختلف اہم شخصیات کی شرکت سے ایک کانفرنس منعقد ہوئی

النجبا ویب سائٹ کے مطابق عراق کے مقدس شہر نجف اشرف کے علاقے وادی السلام میں ایک اہم کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں عراق کی مختلف اہم شخصیات منجملہ نجبا اسلامی استقامت کے سیکریٹری جنرل شیخ اکرم الکعبی، عصائب اہل حق کے سیکریٹری جنرل قیس الخز علی عوامی رضاکار فورس کے ترجمان احمد الاسدی اور مختلف عراقی فوجی شخصیات نے شرکت کی۔اس کانفرنس میں عراق کے دفاع کی راہ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا سے تجدید عہد کرتے ہوئے عراق سے داعش دہشت گرد گروہ کے ختم ہو جانے کے بعد ملک کو درپیش مختلف مسائل و مشکلات کا جائزہ لیا گیا۔عراق کی عوامی رضاکار فورس کے عہدیداروں نے بھی اس کانفرنس میں اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ داعش دہشت گرد گروہ کے مقابلے میں حاصل ہونے والی کامیابی، بیت المقدس کی آزادی کے لئے پہلا قدم ہے، تاکید کے ساتھ کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو صیہونی حکومت کا دارالحکومت تسلیم کرنے سے متعلق غیر عاقلانہ اعلان اس غاصب حکومت کی نابودی پر منتج ہو گا۔الحشدالشعبی کے ہزاروں کی تعداد میں کمانڈر اور جوان، عراق کے نامور مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سیستانی سے ملاقات اور داعش دہشت گرد گروہ کو شکست دینے کے بعد کے مرحلے کی اپنی ذمہ داریوں کے بارے میں اپنے فرائض معلوم کرنے کے لئے نجف اشرف پہنچے۔عراق کی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراق کی عوامی رضاکار فورس کے کمانڈروں اور جوانوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ عراق سے داعش دہشت گرد گروہ کو ختم کرنے کے بعد کے مرحلے میں اپنے مستقبل کا فیصلہ عراق کے مرحع تقلید کےذریعے کرائیں گےاس سے قبل نجف کی صوبائی کونسل نے اعلان کیا تھا کہ عوامی رضاکار فورس کے ہزاروں جوان آیت اللہ سیستانی سے اپنی وفاداری کا اعلان کرنے کی غرض سے نجف اشرف پہنچے ہیں۔دو ہزار چودہ میں عراق پر داعش دہشت گرد گروہ کے حملے اور موصل کے سقوط کر جانے کے بعد عراق کے بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سیستانی نے جہاد کفائی کا فتوی جاری کرتے ہوئے عراقی شہریوں کو سفارش کی تھی کہ وہ اپنے ملک کی حفاظت کے لئے میدان عمل میں نکلیں اور عراق کی مسلح افواج کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔اس فتوے کے بعد عراق میں عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کا قیام عمل میں آیا اور آخرکار گذشتہ سنیچر کو عراق کے وزیر اعظم نے داعش دہشت گرد گروہ کے مقابلے میں عراق کی حتمی کامیابی کا اعلان کیا اور مستقبل میں عراقی قوم کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کی کوشش کے بارے میں خبردار کیا۔داعش دہشت گرد گروہ کے مقابلے میں عراق کی مسلح افواج کی کامیابی کے اعلان کے ساتھ ہی عراق کے دارالحکومت بغداد سمیت  ملک کے مختلف شہروں میں عوام نے بھرپور جشن منایا۔عراق کے صدر فواد معصوم نے بھی داعش کے مقابلے میں حاصل ہونے والی کامیابی پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے تکفیری اور دہشت گردانہ افکار کا مقابلہ کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ عراق کے لئے اپنی حمایت کا سلسلہ بدستور جاری رکھے۔

ٹیگس