Apr ۲۳, ۲۰۱۸ ۲۰:۳۷ Asia/Tehran
  • دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، بشاراسد

شام کے صدر بشار اسد نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہونے تک جنگ جاری رہے گی۔

شام کے صدر بشاراسد نے دمشق میں ایران کے نائب وزیرخارجہ حسین جابری انصاری سے ملاقات میں زور دے کر کہا کہ شام سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہونے تک دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
بشار اسد نے شام پر امریکا اور اس کے اتحادیوں کے حالیہ حملے کا ذکرکرتے ہوئے کہاکہ شام پر ان ملکوں کے براہ راست حملے بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ کو نہیں روک سکتے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور اس کے مغربی اور عرب اتحادی ملکوں نے شام کے بحران کے ابتدائی ایام سے ہی دہشت گردوں کی حمایت کی ہے۔ ایران کے نائب وزیرخارجہ حسین جابری انصاری نے بھی اس ملاقات میں کہاکہ شام پر امریکا فرانس اور برطانیہ کے حملے کی اصل وجہ شامی فوج کی کامیابی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ جارح طاقتوں کو خوف ہے کہ شامی فوج کی کامیابی کا سلسلہ اسی طرح شام کے دیگر علاقوں میں بھی تیز رفتاری کے ساتھ جاری رہے گا۔ امریکا اور اس کے اتحادی ملکوں نے گذشتہ چودہ اپریل کو شام پر ایک سو سے زائد میزائل فائر کئے تھے جس کی عالمی سطح پر مذمت کی گئی تھی۔

ٹیگس