Sep ۰۶, ۲۰۱۹ ۲۰:۰۱ Asia/Tehran
  • امریکہ نے سلامتی کونسل کو صیہونی حکومت کی مذمت سے روک دیا

امریکی حکومت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو لبنان پر صیہونی حکومت کے حملے کی مذمت کرنے سے روک دیا۔

ایسو شی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق سفارتی ذرائع نے جمعرات کو بتایا کہ امریکی حکومت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو صیہونی حکومت اور حزب اللہ لبنان کے درمیان ہونے والی حالیہ جھڑپوں کے بارے میں بیان جاری نہیں کرنے دیا۔
رپورٹ کے مطابق اس بیان میں گرین لائن کی تمام خلاف ورزیوں کی مذمت کی گئی تھی۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اس بیان کا مسودہ فرانس نے تیار کیا تھا اور اس میں تمام فریقوں سے زیادہ سے زیادہ صبر و تحمل سے کام لینے کی اپیل کی گئی تھی اور ایسے بیانات جاری کرنے سے روکا گیا تھا جن سے کشیدگی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
سفارتی ذرائع نے اعلان کیا کہ امریکہ نے اس بہانے سے کہ اس بیان میں حزب اللہ کی مذمت نہیں کی گئی ہے اسے جاری کرنے کی مخالفت کی۔
صیہونی حکومت نے پچیس اگست کو جنوبی بیروت پر ڈرون حملہ کیا تھا جس پر پہلی ستمبر کو حزب اللہ نے ردعمل دکھایا اور جوابی کارروائی کی۔
حزب اللہ لبنان نے گذشتہ اتوار کو شمالی مقبوضہ فلسطین میں صیہونی فوج کی ایک بکتر بندگاڑی کو ٹینک شکن میزائل سے نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں صیہونی فوج کا ایک کمانڈر ہلاک ہوگیا تھا۔ 

ٹیگس