Sep ۱۰, ۲۰۱۹ ۱۸:۰۹ Asia/Tehran
  •   ایران کے خلاف جنگ اسرائیل کی مکمل نابودی پر منتج ہوگی، نصراللہ

حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ اسرائیل کی مکمل نابودی پر منتج ہوگی۔

 یوم عاشور پر عزاداروں کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سید حسن نصراللہ کا کہنا تھا کہ اس دن کے جلوسوں اور عزاداری میں عوام کی بھرپور مشارکت میدان کربلا میں امام حسین کی صدائے استغاثہ کا جواب ہے۔ 
سید حسن نصراللہ نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ ایران کے خلاف جنگ کا مطلب اسرائیل کا خاتمہ ہوگا۔ 
انہوں نے کہا کہ حزب اللہ، فلسطین اور یمن کے عوام کے ساتھ ہے جبکہ  یمن کے خلاف جنگ سعودیوں کے دامن پر ایسا داغ ہے جو کبھی پاک نہیں ہوگا۔ 
حزب اللہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ جو کچھ یمن میں ہورہا ہے اس سے صاف ظاہر ہے کہ  سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات اس ملک کی دولت و ثروت اور قدرتی ذخائر پر نظریں جمائے ہوئے ہیں لیکن یہ جنگ ان کے لیے ابدی اور تاریخی ذلت و رسوائی کا سبب بنے گی۔ 
 سید حسن نصراللہ نے ایران اور شام کے خلاف امریکی پابندیوں کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت امریکہ، فلسطین و لبنان کے خلاف جنگوں میں اسرائیل کی پے در پے شکستوں نیز، لبنان، شام و عراق میں دہشت گردوں کے ذریعے شروع کی جانے والی پراکسی وار میں اپنی ناکامی کے بعد اقتصادی دباؤ کے حربے آزما رہی ہے۔
حزب اللہ کے سربراہ نے اسرائیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ فوج جو کل تک ناقابل تسخیر ہونے کا ڈھنڈورا پیٹا کرتی تھی آج اس قدر کمزور اور ناتوان ہوچکی ہے کہ ہالی ووڈ کی فلمی داستانوں کی طرح بکتر بند گاڑیوں تک میں فوجیوں کے بجائے پتلے بٹھاتی ہے اور تحریک مزاحمت کے جوابی اقدامات کے خوف سے سرحدیں چھوڑ کر بھاگ نکلی ہے۔ 

ٹیگس