Dec ۲۲, ۲۰۱۹ ۱۱:۲۳ Asia/Tehran
  •  اشرف غنی افغانستان کے صدارتی انتخابات میں کامیاب

افغان الیکشن کمیشن نے آج اس ملک میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے ابتدائی نتائج کا اعلان کیا۔

کابل سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق رواں برس 28 ستمبر کو افغانستان میں صدارتی انتخابات کے لیے پولنگ ہوئی تھی جس کے ابتدائی نتائج کا آج اعلان کیا گیا ہے۔

افغان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق اشرف غنی نے 50 اعشاریہ 60 فیصد ووٹ لے کر  سب سے زیادہ ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے حریف عبداللہ عبداللہ کو 39 فیصد ووٹ ملے ہیں۔

افغانستان کے قوانین کے مطابق کسی بھی امیدوار کو حتمی نتائج سے پہلے کسی بھی قسم کی شکایت یا درخواست دائر کرنے کا حق حاصل ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان کے گزشتہ انتخابات میں بھی دھاندلی کے الزامات سامنے آئے تھے، صدارتی امیدوار عبداللہ عبداللہ نے نتائج ماننے سے انکار کیا تھا تاہم عالمی قوتوں نے دونوں کے درمیان شراکت اقتدار کا معاہدہ  طےکرایا تھا جس کے تحت اشرف غنی صدر بنے تھے جب کہ عبداللہ عبداللہ کو چیف ایگزیکٹیو کا عہدہ تفویض کیا گیا تھا۔

ٹیگس