Mar ۲۱, ۲۰۲۰ ۲۲:۳۰ Asia/Tehran
  • سعودی عرب اور یو اے ای، امریکا اور اسرائیل کا کھلونہ ہیں: انصار اللہ

یمن کی تحریک انصار اللہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات، امریکا اور اسرائیل کے ہاتھ کا کھلونہ ہیں۔

تحریک انصار اللہ کے سکریٹری جنرل سید عبد الملک بدر الدین الحوثی کے روز شہید کی مناسبت پر اپنے خطاب میں عالم اسلام پر تسلط کے لئے عالمی استعمار اور ان میں سر فہرت امریکا کی کوششوں کی بابت خبردار کیا اور کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات، امریکا اور اسرائیل کے ہاتھوں کے کھلونے ہیں۔

تحریک انصار اللہ کے سابق رہنما حسین بدر الدین الحوثی کے روز شہادت کو روز شہید کا نام دیا گیا ہے۔ یمن کی تحریک انصار اللہ کے سکریٹری جنرل سید عبد الملک بدر الدین الحوثی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ یمن سمیت ممالک کے آمروں اور ڈکٹیٹروں نے ملک کے طبیعی ذخائر اور اثاثوں کی خوب لوٹ پاٹ کی ہے۔  

انہوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ قرآن مجید نے مسلمانوں کو مزاحمت اور پائمردی کی دعوت دی ہے، کہا کہ امریکا نے قرآن مجید کے موقف کے خلاف اپنی پالیسیاں اختیار کر رکھی ہيں۔ ان کا کہنا تھا کہ شام اور عراق کی صورتحال، حزب اللہ لبنان سے دشمنی، فلسطینی قوم کے خلاف سازشیں اور فلسطین میں مزاحمتی گروہوں کے خلاف منفی پالیسی اختیار کرنا، علاقے میں امریکا کی مخاصمانہ پالیسیوں کا نمونہ ہے۔

تحریک انصار اللہ کے سکریٹری جنرل سید عبد الملک بدر الدین الحوثی نے کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات، امریکی ہاتھوں کے کھلونے کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہیں، کہا کہ سعودی عرب کی نظر میں فلسطین کی آزادی کے لئے کوشش اور اسرائیل سے دشمنی، کبھی نہ معاف کئے جانے والے جرائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یمن پر سعودی اتحاد کا حملہ بھی اسی ہدف کے تحت کیا گیا تاکہ یمن کے عوام ان دونوں ممالک کے زیر تسلط رہ کر امریکی نظام میں باقی رہیں۔

ٹیگس