May ۲۱, ۲۰۱۷ ۰۷:۵۷ Asia/Tehran
  • پاکستان: 6 پولیس اہلکار ہلاک

کوہاٹ اور کراچی میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے 6 پولیس اہلکارجاں بحق ہو گئے۔

کوہاٹ میں دہشت گردوں کی پولیس وین پر فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 4 اہلکار جاں بحق ہوگئے ہیں۔ کوہاٹ میں پولیس کمال خیل میں کارروائی کے بعد واپس لوٹ رہی تھی کہ اس دوران نامعلوم دہشت گردوں  نے پولیس وین پر فائرنگ شروع کردی جب کہ پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ بھی کی گئی تاہم دہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، فائرنگ کے تبادلے میں ایس ایچ او سمیت 4 اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے بہادر آباد میں دھوراجی کے قریب نیو ٹاؤن تھانے کی موبائل پر نامعلوم افراد کی جانب سے ریکی کرنے کے بعد فائرنگ کی گئی اور اہلکاروں کے سر اور سینے میں گولیاں ماری گئیں جس کے نتیجے میں 3 اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم 2 اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے، جاں بحق ہونے والوں میں اے ایس آئی افتخاراور ہیڈ کانسٹیبل یونس شامل ہیں۔ ایس ایس پی ایسٹ نے کہا کہ پولیس موبائل پر حملہ ٹارگیٹڈ لگتا ہے تاہم واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

ٹیگس