Jun ۲۳, ۲۰۱۷ ۰۹:۵۱ Asia/Tehran
  •  امریکہ کے ساتھ تعلقات رکھنے والے فلسطین کو آزاد نہیں کروا سکتے

ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے زیراہتمام یوم آزادی پاکستان و یوم القدس قومی سمینار، ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سینئر نائب صدر اور اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی زیرصدارت مقامی ہوٹل اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی قائدین نے شرکت کی۔

اس موقع پرملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سینئر نائب صدر اور اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن تجدید عہد کا دن ہے اور جمعۃ الوداع کے موقع پر یوم القدس کی ریلیاں اتحاد و وحدت کا مظہر ہوں گی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل اور جماعت اسلامی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہمارا واضح موقف ہےکہ جب تک مسئلہ فلسطین اور کشمیرحل نہیں ہو جاتے تب تک دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر و فلسطین کے مسئلے کے حل کے لیے عالم اسلام نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا، ایران و عراق، کویت، یمن اور شام میں تصادم پیدا کیا گیا، عرب و عجم اور شیعہ و سنی کو آپس میں لڑایا جا رہا ہے۔ اسرائیل کی سرپرستی اور اسے تحفظ دینے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا جا رہا ہے۔

 لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ ایران، ترکی، سعودی عرب اور پاکستان اگر ایک صفحے پر آجائیں تو استعمار کو شکست دی جا سکتی ہے، اگر ایسا نہ ہوا تو عالم اسلام مزید مسائل کا شکار ہو جائے گا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ قرآن کہتا ہے کہ یہود و نصاریٰ کے پاس جاؤ گے تو ان جیسے ہوجاؤ گے، حضرت امام خمینی (رح) نے خطے میں ان چار ستونوں میں سے ایک ستون کو گرا دیا جو استعماری مقاصد کے آلہ کار تھے، انہوں نے تہران میں اسرائیل کا سفارت خانہ ختم کرکے اسکی عمارت فلسطین کے حوالے کر دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آخری جمعے کو قدس کی آزادی کے لیے باہر نکلیں، عالم اسلام کا یہ حال ہے کہ مختلف عرب ملکوں کی جنگیں، اسرائیل کے ساتھ ہوئی ہیں، کسی نے آج تک اسرائیل کو نشانہ نہیں بنایا۔ حماس اور فلسطین کے عوام کے سوا کسی نے اسرائیل پر حملہ نہیں کیا، جو امریکیوں کے ساتھ اٹھیں بیٹھیں گے اور رقص کریں گے وہ کبھی فلسطین کو آزاد نہیں کروا سکتے۔

علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ آج امریکہ شکست کھا رہا ہے۔ 41 ممالک کا اتحاد امریکہ و اسرائیل کو بچا رہا ہے، ہم کسی ایسے الائنس کا حصہ نہیں بنیں گے جو امریکی مقاصد کو پورا کرے۔

ملی یکجہتی کونسل کےڈپٹی سیکرٹری جنرل ثاقب اکبر نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنایا گیا تھا اور پاکستان کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ امت کو جوڑنے کا کام کرے۔ پوری دنیا میں قبلہ اول کی آزادی کے حوالے سے سمینار، کانفرنسیں منعقد ہو رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں اسلام آباد میں ملی یکجہتی کونسل پاکستان نے یوم القدس کے حوالے سے سمینار کا انعقاد کیا اور بروز جمعہ اتحاد امت کا عظیم الشان مظاہرہ یوم القدس کی ریلی کی صورت میں کیا جائے گا۔

اسلامی تحریک پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ عارف واحدی نے کہا کہ پاکستان جن مقاصد کے لیے بنایا گیا تھا کیا وہ حاصل ہوئے ہیں۔ ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا، اسرائیل کے مقابلے میں جو اتحاد ہے ان قوتوں کو کمزور کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔

ٹیگس