Jul ۲۱, ۲۰۱۷ ۰۸:۲۹ Asia/Tehran
  • پاکستان، آپریشن کے دوران 13 دہشت گرد اور ایک فوجی ہلاک

خیبرایجنسی میں پاکستانی فوج کے آپریشن خیبر فور کے دوران 13 دہشت گرد اور ایک فوجی ہلاک ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبر ایجنسی کی وادی راجگال میں آپریشن خیبر فور کے دوران پاک فضائیہ اور آرمی ایوی ایشن نے بمباری کرکے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیئے جس کے نتیجے میں 13 عسکریت پسند ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے، جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی عبدالجبار بھی ہلاک ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن خیبر فور میں ایس ایس جی کے خصوصی دستوں نے 90 کلومیٹر کا علاقہ کلیئر کروا لیا اور فوج کے انجینئرز کی ٹیم نے دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنا دیا، جب کہ آپریشن کے دوران بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔

واضح رہے کہ پاکستان کی حکومت اور فوج کا کہنا ہے کہ جاری آپریشن کے دوران اب تک ہزاروں دہشتگرد ہلاک، زخمی اور گرفتار ہو چکے ہیں لیکن اس کے باوجود پاکستان میں دہشت گرد آسانی کے ساتھ دہشت گردانہ کارروائیاں کرکے فرار ہو جاتے ہیں جس کی تازہ مثال دو روز قبل بلوچستان کے شہرمستونگ میں دن دھاڑے 4 شیعہ مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ ہے۔

ٹیگس