Jul ۲۱, ۲۰۱۷ ۰۸:۳۱ Asia/Tehran
  • ہمارا احتساب نہیں استحصال ہو رہا ہے: نواز شریف

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہمارا احتساب نہیں استحصال ہو رہا ہے میرے صبر کا امتحان نہ لیا جائے۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے لواری ٹنل کے افتتاح کے موقع پر دیر بالا میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی کے ممبران فرشتوں کی طرح صادق اورامین بنے بیٹھے ہیں، جے آئی ٹی اور پی ٹی آئی کا احتساب کوئی نہیں مانے گا، نوازشریف کے احتساب کی باتیں ہو رہی ہیں جبکہ ہمارا احتساب نہیں استحصال ہو رہا ہے، اب یہ تماشا بند ہوجانا چاہیے، میرے صبر کا امتحان نہ لیا جائے۔

نواز شریف نےعمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نیا پاکستان کانعرہ لگانے والوں نے کچھ نہیں کیا۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ نواز شریف سے استعفیٰ نہیں مانگ رہے کیونکہ یہ اڈیالہ جیل جائیں گے وہاں ان کے لیے جگہ تیار ہورہی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جمہوریت میں وزیراعظم جوابدہ ہوتا ہے، پاناما پیپرز میں کوئی سازش نہیں، جب یہ معاملہ سامنے آیا تو نواز شریف نے بار بار عوام سے کہا کہ وہ اپنے اور خاندان کے احتساب کے لیے تیار ہیں، نوازشریف نے قومی اسمبلی میں دستاویزات دکھائی تھیں لیکن حقیقت میں ان کے پاس کوئی دستاویز نہیں جب کہ ان کے پاس وقت بہت کم ہے۔

عمران خان نے کہا کہ جب کوئی شریف خاندان  کے احتساب کی بات کرتا ہے تو یہ دھمکیاں دیتے ہیں، انہوں نے کہا کہ نواز شریف 30 سال سے کرپشن کررہے ہیں اور پھر الزام پوچھتے ہیں، ان پر نیب میں 12 کیسز موجود ہیں۔

ٹیگس