Jul ۲۳, ۲۰۱۷ ۰۸:۵۵ Asia/Tehran
  • پاکستان: سات دہشتگرد ہلاک، اہم پہاڑی چوٹی کا کنٹرول سنبھالنے کا دعوی

پاکستان کی فوج نے خیبر ایجنسی میں آپریشن کے دوران مزید 7 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کرتے ہوئے اہم پہاڑی چوٹی کا کنٹرول سنبھالنے کا دعوی کیا ہے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فوج نے خیبر ایجنسی کے علاقے راجگال میں جاری آپریشن خیبر فور کے دوران سات عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے اور اہم پہاڑی چوٹی کا کنٹرول سنبھالنے کا دعوی کیا ہے ۔ فوج کا کہنا ہے کہ عسکری نوعیت کے لحاظ سے اہم مگر نہایت دشوار گزار علاقے بریخ محمد کنڈاو میں عسکریت پسندوں کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ وہاں سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

 بیان میں مزید کہا گیا کہ 12ہزار فٹ بلند اس چوٹی پر قبضہ کرنے میں فوجیوں کو ایس ایس جی کمانڈوز کا تعاون بھی حاصل رہا۔ بیان کے مطابق پاک فوج نے کنٹرول سنبھالنے کے بعد وہاں پر اپنی چیک پوسٹیں بھی قائم کر لی ہیں۔ دو روز قبل بھی خیبر فور آپریشن کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا تھا کہ آپریشن میں اب تک 13 عسکریت پسند اورایک فوجی اہلکار ہلاک ہوا جبکہ 90 مربع کلومیٹر کا علاقہ کلیئر کیا گیا ہے۔

ٹیگس