Aug ۱۰, ۲۰۱۷ ۰۹:۲۳ Asia/Tehran
  • دہشت گردی کے خلاف جنگ در حقیقت بقا کی جنگ ہے

پاکستان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا قلع قمع کیا جائے گا۔

پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے تیمر گرہ میں میجر علی سلمان سمیت چار فوجی اہلکاروں کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ درحقیقت خود مختار قوم کی حیثیت سے ہمارے وجود کے بقا کی جنگ ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کے وزیرا عظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہماری بہادر افواج نے دہشت گرد عناصر کو بھاری نقصان پہنچایا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ہمارے ہیروز کے خون کا ہر قطرہ اس امر کا ثبوت ہے کہ ہم مادر وطن کو دہشت گرد عناصر سے پاک کرنے کے لئے قوم کی حیثیت سے متحد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر ایسے بزدلانہ حملے دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو متزلزل یا دہشت گرد عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں کو سست نہیں کر سکتے ۔

واضح رہے کہ کل پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے اپردیرتیمرگرہ کے علاقے شیروٹ کئی میں فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، دہشت گردوں نے فورسز کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں میجرعلی سلمان، حوالدار غلام نذیر، حوالدار اختر، سپاہی عبدالکریم جاں بحق ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران ایک بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا اور دوسرا فائرنگ میں مارا گیا جب کہ ایک دہشت گرد کو گرفتارکرلیا گیا۔

ٹیگس