Feb ۲۰, ۲۰۱۸ ۰۹:۲۰ Asia/Tehran
  • سعودی عرب میں مزید فوجی بھیجنے پر، حکومت سینیٹ کواعتماد میں لینے میں ناکام

پاکستانی سینیٹ کے چیئرمین رضا ربانی نے پاک فوج کا اضافی دستہ سعودی عرب بھجوانے سے متعلق وزیر دفاع کا پالیسی بیان غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی فوج کے دستے کی سعودی عرب روانگی سے متعلق وزیر دفاع خرم دستگیر نے سینیٹ اجلاس کے دوران حکومت کے پالیسی بیان میں کہا کہ پاکستان کا سعودی عرب سمیت مختلف اسلامی ممالک کے ساتھ دفاعی تعاون جاری ہے ، وزیر اعظم نے فوجی دستے سعودی عرب بھیجنے کی منظوری دی، سعودی عرب میں پاکستان کے 1600 فوجی پہلے سے موجود ہیں اور اب مزید ایک ہزار سے زائد فوجیوں پر مشتمل دستہ جلد بھیجا جائے گا۔ ہمارے فوجی یمن جنگ کا حصہ نہیں، ایوان کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستانی فوجی سعودی عرب صرف تربیتی مشن پر جارہے ہیں اور وہ سعودی عرب کے اندر رہیں گے.

تاہم پاکستانی وزیر دفاع خرم دستگیر فوجی دستے سعودی عرب بھیجنے کے معاملے پر سینیٹ کو اعتماد میں لینے میں ناکام ہوگئے۔ سینیٹ نے فوجی دستے سعودی عرب بھیجنے کے معاملے سے متعلق وزیر دفاع کا بیان مسترد کردیا۔

وزیردفاع خرم دستگیر نے سینیٹ کو بتایا کہ فوج سعودی عرب بھیجنے کی منظوری وزیراعظم نے دی جس کے بعد آئی ایس پی آر نے پریس ریلیز جاری کی۔

پاکستان کے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان غیرجانبدار ہے، فوج سعودی عرب بھیجنے کے معاملے پر کئی ماہ سے بات چیت جاری تھی۔ وزیردفاع نے فرحت اللہ بابر کے پوچھے گئے سوال کے جواب پر کہا کہ سعودی عرب میں فوج کی تعیناتی سے متعلق سوال نہ پوچھا جائے، ان کیمرا اجلاس میں بھی آپریشنل تفصیلات نہیں بتا سکتے۔

چیئرمین سینیٹ نے وزیردفاع کے بیان پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ سے کوئی معلومات چھپائی نہیں جاسکتی، اگر فوج سعودی عرب بھیجنے سے متعلق آپ کو پہلے سے معلوم تھا تو ایوان کو اعتماد میں کیوں نہیں لیا؟، آپ پارلیمنٹ کی بالادستی کی بات نہ کریں، ایگزیکٹو خود پارلیمنٹ کی ناک ریت میں رگڑ رہی ہے۔

پاکستانی سینٹ  کے چئیرمین رضا ربانی نے وزیردفاع سے استفسار کیا کہ وزیراعظم اور آپ نے فیصلے سے آگاہ ہونے کے باوجود پارلیمنٹ کو اعتماد میں کیوں نہیں لیا، کیوں نہ وزیراعظم اور آپ کے خلاف توہین پارلیمنٹ کی کارروائی کی جائے؟

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آپ معلومات نہیں بتانا چاہتے تو صاف انکار کردیں لیکن لالی پاپ نہ دیں، ہم بچے نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں پاک فوج کے دستے تعینات ہیں تاہم چند روز قبل پاک فوج کے ترجمان کی جانب سے بیان جاری ہوا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پاک فوج کے مزید دستے سعودی عرب جائیں گے۔

ٹیگس