Feb ۲۷, ۲۰۱۹ ۰۸:۲۰ Asia/Tehran
  • حضرت فاطمہ الزہرا(س) خواتین کے لئے رول ماڈل

خاتون جنت حضرت فاطمہ الزہرا (س) کے یوم ولادت کی تقریب کے موقع پر اسلامی تہذیب کی تشکیل میں خواتین کے کردار کے عنوان سے ایک کانفرنس منعقد ہوئی جس میں شیعہ و سنی خواتین اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔

 کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک بیداری امت مصطفی کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ خواتین سیرت فاطمہ پر عمل کرکے اسلامی معاشرے کی تشکیل کر سکتی ہیں، اسلام نے عورت کو حقوق دے کر تحفظ دیا ہے، مغرب کی تقلید میں خود کو ضائع نہ کریں۔ سیدہ فاطمہ الزہرا پوری دنیا کی خواتین کیلئے رول ماڈل ہیں۔

تحریک بیداری امت مصطفی کے سربراہ نے کہا مغربی تہذیب شیطانی ہے، جس نے مقامی تہذیب کو تباہ کردیا جبکہ اسلامی تہذیب کو ہم نے تقدس کا رنگ دیا ہوا ہے، اسے عملی طور پر اپنایا نہیں۔ انہوں نے اہلبیت کی تعلیمات کو نظام زندگی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نظام ولایت میں رکاوٹ مقامی تہذیب ہے، لاالہ الااللہ کے نام پر بننے والا ملک پاکستان ابھی تک اسلامی مملکت نہیں بن سکا۔

علامہ جواد نقوی نے کہا کہ سیرت زہرا (س) کو روزمرہ تہذیب کا حصہ بنانا ہوگا تاکہ اللہ کے دین کے مطابق زندگی گزار سکیں۔ آئمہ معصومین کے ایام ہائے ولادت و شہادت منانے کا مقصد لنگر نہیں، تجدید عہد ہے کہ ہم ملک میں ظہور امام مہدی (عج)کیلئے راہ ہموار کریں گے۔

تحریک بیداری امت مصطفی کے سربراہ نے کہا کہ خواتین فاطمی تہذیب کی حقیقت کو سمجھیں ، سیرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا پر عمل کرتے ہوئے مغربی تہذیب کی یلغار کے مقابلے میں دیوار بن جائیں۔

 

ٹیگس