Apr ۱۹, ۲۰۱۹ ۰۸:۳۷ Asia/Tehran
  • پاکستان، وفاقی کابینہ میں رد و بدل اسد عمر ناراض

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے وزراء کی کارکردگی سے مطمئن نہ ہونے کی بناء پر وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردو بدل کیا ہے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیر خزانہ اسدعمر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے وزرا کے قلمدانوں میں ردو بدل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وہ مجھ سے وزارت خزانہ واپس لے کر وزارت توانائی کا قلمدان دینا چاہتے تھے تاہم میں نے کوئی بھی محکمہ لینے سے انکار کر دیا ہے۔

اسدعمر نے ٹویٹ میں کہا کہ پورا یقین ہے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی ہی پاکستان کے لیے واحد امید ہے، انشاء اللہ عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی نیا پاکستان بنائے گی۔

کابینہ ڈویژن کےنوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فوادچودھری کو وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی، وفاقی وزیر پٹرولیم ڈویژن غلام سرور خان کو وفاقی وزیر برائے ہوا بازی، وفاقی وزیر پارلیمانی اموراعجاز احمد شاہ کو وفاقی وزیر داخلہ، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کو ریاستوں و سرحدی علاقہ جات(سیفران) کا قلمدان سونپ دیا کیا گیا ہے۔ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کو مشیر برائے خزانہ اور ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات مقررکر دیا گیا۔

محمد میاں سومرو وفاقی وزیر نجکاری کے طور پر فرائض انجام دیں گے، ان سے ہوا بازی ڈویژن کا اضافی قلمدان واپس لے لیا گیا۔

ڈاکٹر ظفر اﷲ مرزا کو وزیراعظم کا معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات اور ندیم بابر کو وزیراعظم کا معاون خصوصی برائے پٹرولیم ڈویژن مقرر کیا گیا ہے۔

ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق اعظم سواتی کو وفاقی وزیر پارلیمانی امور اور ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو مشیر خزانہ مقرر کیا گیا ہے۔

ٹیگس