May ۲۰, ۲۰۲۰ ۱۰:۲۶ Asia/Tehran
  • پاکستان میں آج سے ٹرین کی سیٹی بجنے لگی

پاکستان نے لاک ڈاؤن میں نرمی کے ساتھ ساتھ آج سے مسافر ٹرینوں کو دوبارہ چلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق پچیس مارچ سے بند کی گئیں مسافر ٹرینیں آج سے دوبارہ چلنا شروع ہو گئیں۔ پہلے مرحلے میں چاروں صوبوں سے تیس ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں۔ آج کی پہلی ٹرین پاکستان ایکسپریس مقامی وقت کے مطابق صبح چھے بجے راولپنڈی سے کراچی کے لیے چلائی گئی۔

پاکستان کے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایس او پیز کو مد نظر رکھ کر ٹرینیں چلائی جائیں گی جبکہ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ مسافر، ٹرین کی روانگی سے ایک گھنٹہ پہلے اسٹیشن پہنچیں اور کسی مسافر کے عزیز کو اسٹیشن کی حدود میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹرین میں ساٹھ فیصد مسافر ہوں گے جبکہ چالیس فیصد نشستیں خالی رکھی جائیں گی اورمسافر ماسک پہن کر آئیں گے تاہم سینیٹائزر ریلوے فراہم کرے گا جبکہ ٹکٹوں کی فروخت آن لائن ہوگی اور ریزر ویشن دفاتر بند رہیں گے۔

تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اب تک پاکستان میں پینتالیس ہزار اکسٹھ افراد کورونا میں مبتلا ہو چکے ہیں جن میں سے بارہ ہزار چار سو نواسی صحتیاب جبکہ نوسو انہتر افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

ٹیگس