Sep ۱۲, ۲۰۲۰ ۱۸:۵۲ Asia/Tehran
  • افغان امن مذاکرات کو بیرونی مداخلت کے بغیر آگے بڑھایا جائے: وزیر خارجہ پاکستان

پاکستان کے وزیر خارجہ نے حکومت افغانستان اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کے آغاز کو اس ملک میں قیام امن کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں جاری افغان امن مذاکرات کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے بحران کا فوجی حل نہیں اور  اس بحران کو سیاسی طریقے سے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔

پاکستان کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کے عوام کو اپنی سرنوشت کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے مستقبل کے بارے میں ہونے والے امن مذاکرات کو ہر قسم کی بیرونی مداخلت کے بغیر آگے بڑھنا چاہیے۔ 

 پاکستان کے وزیر خارجہ نے افغانستان میں قیام امن میں مدد دینے کی غرض سے عالمی برادری کے سامنے چار نکاتی تجویز بھی پیش کی۔ افغان عوام کی منشا کے مطابق امن کے عمل کی حمایت، افغانستان کے ساتھ اقتصادی لین دین کی تقویت، اس ملک کی تعمیر نو اور پائیدار ترقی نیز افغان مہاجرین کی وطن واپسی کو یقینی بنانا، یہ وہ تجاویز تھیں جنہیں پاکستانی وزیر خارجہ نے پیش کیا۔

واضح رہے کہ افغانستان کے امور میں پاکستانی وزیر اعظم کے خصوصی ایلچی محمد صادق بھی قطر کے دارالحکومت دوحہ میں بین الافغانی امن مذاکرات کے افتتاحی اجلاس میں شریک تھے۔ 

ٹیگس