May ۰۸, ۲۰۱۶ ۱۹:۵۲ Asia/Tehran
  • جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کی مذاکرات کی پیشکش مسترد کردی

جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اون کی جانب سے دونوں کوریاؤں کے درمیان براہ راست مذاکرات کی پیشکش کو مسترد کر دیا ہے۔

سیئول میں جنوبی کوریا کی وزارت اتحاد کے جاری کردہ بیان میں شمالی کوریا کی مذاکرات کی پیشکش کو صداقت سے عاری قرار دیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق مذاکرات کی پیشکش پروپیگنڈا مہم کا حصہ ہے جس میں کوئی صداقت نہیں پائی جاتی ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ پیشکش ایسی حالت میں کی گئی ہے جب شمالی کوریا اپنے ایٹمی ہتھیاروں میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اون نے جنوبی کوریا کے ساتھ مذاکرات کی یہ پیشکش حکمراں جماعت کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کی تھی۔

کم جونگ اون نے کہا تھا کہ دونوں کوریاؤں کے فوجی حکام کے درمیان مذاکرات کے نتیجے میں سرحدوں پر کشید گی کے خاتمے اور جنگ کے خطرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے پیانگ یانگ سے اپنا ایٹمی پروگرام ترک کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ٹیگس