Jul ۲۳, ۲۰۱۷ ۱۴:۴۱ Asia/Tehran
  • ایران کے خلاف امریکہ کی نئی پابندیوں پر روس کی تنقید

روس نے ایران کے خلاف نئی پابندیوں کو ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان طے پانے والے ایٹمی معاہدے کے منافی قرار دیا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ جمعے کے روز ویانا میں مشترکہ ایکشن پلان کے مشترکہ کمیشن کے اجلاس میں ایٹمی معاہدے پر مکمل عملدرآمد اور اس معاہدے پر کاربند رہنے کی ضرورت پر تاکید کی گئی ہے۔

اس بیان میں کہا گیا ہے کہ مشترکہ ایکشن پلان کے مشترکہ کمیشن کے اجلاس میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ ایران، ایٹمی معاہدے پر کاربند رہا ہے اور اس نے آئی اے ای اے کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے اور ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی نے بھی بارہا اس بات کی تصدیق کی ہے کہ تہران کا مکمل تعاون جاری ہے۔

روس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس اکتّیس کے مطابق تمام فریقوں کی جانب سے ایران کے خلاف یکطرفہ پابندیوں کو ختم کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ایٹمی معاہدے کے دیگر تمام فریقوں کے برخلاف ہمیشہ اس بات پر تاکید کی ہے کہ ایٹی معاہدہ ایک برا معاہدہ ہے۔

ٹیگس