Mar ۱۸, ۲۰۱۸ ۰۸:۳۳ Asia/Tehran
  • جوہری معاہدے سے نکلنا امریکہ کی بڑی غلطی

برطانیہ کے سابق وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ جوہری معاہدے سے نکل کر امریکہ پچھتائے گا۔

سابق برطانوی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران جوہری معاہدہ مغربی خدشات کو دور کرنے کے لئے نہایت اہم ہے لہذا امریکہ اس سمجھوتے سے نکل کر پچھتائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی جوہری سرگرمیوں سے متعلق مغربی ممالک کے خدشات کو دور کرنے کے لئے ایٹمی سمجھوتہ انتہائي اہمیت کا حامل ہے۔

جیک اسٹراو نے ایران مخالف نئے امریکی وزیر خارجہ کے بیانات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یورپی فریق (فرانس، جرمنی اور برطانیہ) کو چاہیئے کی اپنی لابنگ میں اضافہ کرے جس کا مقصد امریکہ کو جوہری معاہدے میں شامل رکھنے کے لئے قائل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریکس ٹلرسن ٹرمپ انتظامیہ کے ایک معتدل شخص تھے جو یورپی ممالک کے مؤقف سے متاثر تھے اور وہ چاہتے تھے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایران مخالف پابندیوں کی معطلی کی توثیق کریں۔

سابق برطانوی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ٹرمپ ناجائز صہیونی حکومت اور نیتن یاہو کی خواہشات پر عمل کرتے ہوئے ایران جوہری معاہدے کی مخالفت کررہے ہیں اور اس کے علاوہ بعض انتہا پسند ریپبلکن سیاستدان بھی اس معاہدے کے مخالف ہیں جن کو اس بارے میں کچھ پتہ ہی نہیں ہے۔

ٹیگس