Apr ۲۵, ۲۰۱۸ ۰۸:۵۹ Asia/Tehran
  • امریکا کا شام سے نکلنے کا ارادہ نہیں

روس نے کہا ہے کہ شام کا مسئلہ مذاکرات سے حل ہو سکتا ہے اور امریکہ کو شام سے نکل جانا چاہئیے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ واشنگٹن شام سے اپنے فوجی دستوں کے انخلا کا عندیہ تو دے چکا ہے لیکن موجودہ حالات میں ایسا ہونا ممکن دکھائی نہیں دے رہا اور یوں لگتا ہے کہ امریکا کا شام سے نکلنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ۔

 انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی فرانسیسی وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد شامی تنازعے کے حل کے حوالے سے کوئی واضح تصویر سامنے آ سکے گی۔

 روس کے وزیر خارجہ نے ترقی یافتہ ممالک کے گروپ ’جی سیون‘ کے وزرائے خارجہ کی جانب سے روس پر کی گئی تنقید کو بھی مسترد کیا۔

واضح رہے کہ امریکہ، برطانیہ اور فرانس نے چند روز قبل جوہری ہتھیاروں کا بہانہ بنا کر شام پر ایک سو سے زائد میزائل داغے جس کی ایران اور روس کی جانب سے اور عالمی سطح پر سخت مذمت کی گئی اور اسے شام کے امور میں کھلی مداخلت اور شام کی ارضی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔

ٹیگس