Feb ۲۵, ۲۰۱۹ ۱۹:۳۱ Asia/Tehran
  • امریکا کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والے روسی میزائل کی رونمائی

روس کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل نے امریکا میں ممکنہ اہداف کو نشانہ بنانے والے ہائیپر سونک میزائل کی رونمائی کردی ہے۔

روس کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل نمبر ایک نے اپنی ایک رپورٹ میں یورپ میں امریکی میزائل نصب کئے جانے کی صورت میں امریکا کے اندر ممکنہ طور پر اہداف کو نشانہ بنانے والے ہایپرسونک میزائل کی رونمائی کردی ہے۔

روسی ٹیلی ویژن چینل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روسی ہائیپر سونیک میزائل ممکنہ طور پر امریکا میں جن اہداف کو نشانہ بناسکتے ہیں ان میں پینٹاگون اور ریاست مری لینڈ میں موجود امریکی مسلح افواج کے سبھی مراکز شامل ہیں۔

روسی ٹیلی ویژن چینل نے کہا ہے کہ ان اہداف اور نشانوں کا پتہ لگالیا گیا ہے اور امریکی اقدام کے جواب میں ممکنہ کارروائی کے لئے ان جگہوں پر ہایپر سونک میزائلوں سے حملہ کیا جاسکتا ہے۔

روسی ٹیلی ویژن کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ روس امریکا میں ان اہداف کو تباہ کرنے کے لئے ممکن ہے کہ اپنی سرکون ایٹمی آبدوزوں کا بھی استعمال کرے جو سوپر سونک میزائلوں سے لیس ہیں اور جو ایک ہزار کلومیٹر تک کے فاصلے تک مار کرسکتے ہیں۔

روسی صدر پوتن نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ روس دنیا کے ہر گوشے میں خطرات کا مقابلہ کرنے کی توانائی رکھتا ہے۔ پوتن نے یورپ میں امریکی میزائلوں کی ممکنہ تعیناتی پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ یورپ میں میزائلی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ خود امریکا میں بھی فوجی معاملات میں فیصلے کرنے والے اداروں اور مراکز کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔

ٹیگس