Mar ۲۲, ۲۰۱۹ ۱۷:۳۷ Asia/Tehran
  • برطانیہ: 4 مساجد پر حملہ

برطانیہ کے شہر برمنگھم میں دہشت گردوں نے چار مساجد پر حملہ کر دیا اور شیشے توڑ کر بھاگ گئے جس کے نتیجے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق  برمنگھم میں جمعرات کی رات  چار مساجد پر نامعلوم افراد نے حملہ کر دیا، حملہ آور مساجد کے شیشے توڑ کر بھاگ گئے۔

چاروں مساجد کی سات کھڑکیوں کے شیشوں اور دو دروازوں کو نقصان پہنچا۔ مساجد پر حملے کے بعد مقامی مسلمانوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جب کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی برطانوی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

برطانوی پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی نے ان حملوں کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور تمام پہلوؤں سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ پندرہ مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دو مساجد میں فائرنگ سے پچاس نمازی جاں بحق اور اڑتالیس زخمی ہوئے تھے۔

ٹیگس