Mar ۱۹, ۲۰۲۰ ۱۷:۵۷ Asia/Tehran
  • یورپ میں بے قابو ہے کورونائی دیو

یورپ میں بھی کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد اور ہلاکتوں میں مسلسل اضافے کی خبریں مل رہی ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کی رپورٹوں سے پتہ چلتا ہے کہ اس وقت کورونا وائرس نے یورپ میں وحشتناک شکل اختیار کرلی ہے۔ یورپ میں اس وائرس نے سب سے زیادہ تباہی اٹلی میں مچائی ہے ۔ اٹلی کے محکمہ صحت نے بدھ کی شام اعلان کیا کہ اس ملک میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد دو ہزار نو سو اٹھہتر ہوچکی ہے۔
اٹلی کے محکمہ صحت کے مطابق بدھ کی شام تک اس ملک میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد پینتس ہزار سات سو تیرہ ہوچکی تھی۔ اٹلی کورونا وائرس میں مبتلا افراد اور ہلاکتوں کی تعداد کے لحاظ سے چین کے بعد دنیا کا دوسرا ملک ہے۔
اٹلی کے بعد یورپ میں کورونا وائرس میں مبتلا اور اس سے مرنے والوں کی تعداد سب سے زیادہ اسپین میں ہے جہاں بدھ کی شام تک کورونا وائرس سے چھے سو اڑتیس اموات کا اندراج کیا گیا تھا جبکہ اس وائرس میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد چودہ ہزار سات سو انہتر بتائی گئی تھی۔
فرانس کے حکام نے بھی بتایا ہے کہ بدھ کی شام تک ملک میں نواسی نئی اموات کے بعد اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد دو سو چونسٹھ جبکہ مبتلا افراد کی تعداد نو ہزار ایک سو چونتس ہوچکی تھی۔
جرمن چانسلر انجلا مرکل نے بھی بدھ کی شام کو اپنے ملک کے عوام سے ویڈیو خطاب میں کہا کہ کورونا کا بحران ، دوسری عالمی جنگ کے بعد ملک کے لئے سب بڑا بحران ہے۔ بدھ کی شام تک ملنے والے اعداد و شمار کے مطابق جرمنی میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد بارہ ہزار تین سو ستائیس اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد اٹھائیس ہوچکی تھی۔ 
ادھر برطانیہ میں بھی سر انجام وزیر اعظم بورس جانسن نے کورونا وائرس کی روک تھام کی غرض سے جمعے سے اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کردیا ہے۔ برطانیہ میں صرف بدھ کو کورونا وائرس سے بتیس افراد لقمہ اجل بن گئے تھے جس کے بعد اس ملک میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد ایک سو چار اور اس وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد دو ہزار چھے سو باسٹھ ہوگئی تھی۔ 

ٹیگس