Jan ۰۷, ۲۰۲۶ ۱۷:۲۵ Asia/Tehran
  • وینزویلا میں امریکی حملے میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی یاد میں 7 دن کا سوگ

وینزویلا کی عبوری صدر نے ملک پر امریکی حملے کے دوران ہلاک ہونے والے فوجیوں کی یاد میں سات روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔

سحرنیوز/دنیا: اطلاعات کے مطابق وینزویلا کی عبوری صدر دیلسی روڈریگز نے کہا کہ تین جنوری کو امریکی حکومت کے مجرمانہ فوجی حملے کے دوران ملک کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کے احترام میں سات روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ نوجوان مردوں اور عورتوں نے وینزویلا اور صدر نکولس مادورو کے دفاع کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔

 

دیلسی روڈریگز نے ملک میں امن و امان کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے وینزویلا کے خلاف ظلم و ستم کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ اگرچہ امریکی حملے میں ہلاکتوں کی کوئی سرکاری تعداد سامنے نہیں آئی ہے تاہم کاراکاس نے کہا ہے کہ وینزویلا کے کم از کم 24 اور کیوبا کے 32 فوجی اہلکار ہلاک ہو ئے ہیں۔

ادھر وینزویلا پر امریکی جارحیت کے خلاف بین الاقوامی سطح پر سخت ردعمل سامنے آرہا ہے۔ روسی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کی کارروائیوں کے لئے بے بنیاد بہانے کو جواز فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

وینزویلا کے صدر کو اغوا کرنے کی امریکی کارروائی کے ردعمل میں ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچز نے اعلان کیا کہ میڈرڈ اس کارروائی کو بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی سمجھتا ہے اور اس کی شدید مذمت کرتا ہے۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کا تختہ الٹنے کے لیے امریکہ کی جانب سے استعمال کیا جانے والا طریقہ پیرس کو نہ تو منظور ہے اور نہ ہی اس کی حمایت کرتا ہے۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

کیتھولک عیسائیوں کے رہنما پوپ لیو نے بھی وینزویلا کی آزادی و خود مختاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے ذریعے نکولس مادورو کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کو وہ تشویش کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔

 

ٹیگس