May ۰۲, ۲۰۲۰ ۰۹:۴۱ Asia/Tehran
  • فلسطینی علاقوں کو اسرائیل میں ضم کرنا غیرقانونی ہے: اقوام متحدہ

اقوام متحدہ نے غاصب صیہونی حکومت کے ذریعے فلسطین کے مغربی کنارے کو مقبوضہ علاقوں میں ضم کرنے کے نتائج کی بابت خبردار کیا ہے۔

فارس نیوز کے مطابق اقوام متحدہ میں شعبہ انسانی حقوق کے عہدیدار مایکل لینک نے جمعہ کے روز کہا کہ غرب اردن کے علاقوں کو اسرائیل کے مقبوضہ علاقوں میں شامل کرنا قانونی، اخلاقی اور سیاسی اعتبار سے کسی طرح قابل قبول نہیں ہے۔

اقوام متحدہ کے اس عہدیدار نے واضح کیا کہ اقوام متحدہ کے رکن ملکوں کی جانب سے صیہونی حکومت کے مزید غاصبانہ اقدام کی صرف زبانی مذمت ہو جانا ہی کافی نہیں ہے، بلکہ انہیں چاہئے کہ وہ اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔

مایکل لینک نے کہا کہ فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر پامالی ہوتی ہے اور اگر فلسطین کے مزید علاقوں کو مقبوضہ علاقوں میں شامل کر لیا گیا تو اس سے حالات مزید سنگین ہوں گے۔

قابل ذکر ہے کہ برطانیہ کے کہنے پر دس یورپی ممالک نے تین اپریل کو صیہونی حکومت کی وزارت خارجہ کے نام ایک مراسلہ ارسال کیا جس میں انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اسرائیل فسلطین کے مغربی کنارے کے کسی بھی حصے کو اپنے مقبوضہ علاقوں میں شامل کرتا ہے تو یہ عالمی ضابطوں کی کھلی خلاف ورزی شمار ہوگی اور خطے میں اس کے برے نتائج پیدا ہوں گے۔

واضح رہے کہ صیہونی وزیراعظم بنیامن نتن یاہو اور بلو وائٹ اتحاد کے سربراہ بنی گیٹس کے درمیان وادی اردن اور مغربی کنارے کے بعض علاقوں کو صیہونی علاقوں میں شامل کر لئے جانے پر اتفاق ہوا ہے اور اس ناپاک صیہونی منصوبے پر جولائی سے عملدرآمد شروع کردیا جائے گا۔

ٹیگس