May ۲۰, ۲۰۲۰ ۱۷:۱۶ Asia/Tehran
  • غیر ملکی بحری جہازوں کو امریکی بحریہ کی دھمکی

امریکی بحریہ نے دھمکی دی ہے کہ مغربی ایشیا میں غیر ملکی بحری جہاز اگر امریکی بحری جہازوں سے سو میٹر سے زیادہ قریب ہوئے تو انہیں خطرہ سمجھتے ہوئے نشانہ بنایا جائے گا.

امریکی بحریہ نے بدھ کے روز ایک بیان میں دعوی کیا ہے کہ اس کی یہ دھمکی امریکہ کے جنگی ضابطوں میں تبدیلی نہیں ہے بلکہ سلامتی کو اور زیادہ یقینی بنانے اور خطرے کو کم سے کم کرنے کی غرض سے یہ قدم اٹھایا جا رہا ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے بھی گذشتہ مہینے خلیج فارس میں امریکہ کی غیر قانونی فوجی موجودگی اور اس کے سبب پیدا ہونے والی بدامنی کی طرف کوئی اشارہ کئے بغیر یہ دعوی کیا تھا کہ انہوں نے امریکی بحری جہازوں کے قریب آنے والی تیز رفتار جنگی بوٹوں پر فائر کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

ٹرمپ کا یہ دعوی ایسے وقت میں سامنے آیا تھا کہ ایران کے ایک بحری جہاز کا راستہ روکنے سے متعلق امریکی بحری جنگی جہاز کے اشتعال انگیز اقدامات کے بعد ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی تیز رفتار جنگی بوٹوں نے امریکہ کے اس بحری جنگی جہاز کے قریب پہنچ کر اسے انتباہ دیا اور امریکہ کے اس بحری جنگی جہاز کو اپنے اصل راستے پر واپس لوٹنے پر مجبور کر دیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز اور خلیج فارس میں غیر ملکی جنگی طیاروں اور بحری جہازوں کی مانیٹرنگ، ایران کا حق ہے اور ان کی جانب سے ایران کے فضائی و بحری حدود کی خلاف ورزی کی صورت میں بین الاقوامی قوانین کے مطابق قدم اٹھایا جائے گا۔

ٹیگس