بحیرۂ کارائب میں ایک اور کشتی پر امریکی حملہ، 3 افراد ہلاک
بحیرۂ کارائب میں ایک کشتی پر تازہ امریکی فضائی حملے کی خبر ہے جس میں 3 افراد مارے گئے ہیں۔
سحرنیوز/دنیا: میڈیا رپورٹوں کے مطابق بحیرۂ کارائب میں ایک کشتی کو نشانہ بنائے جانے کے سلسلے میں امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگ سیتھ نے دعویٰ کیا ہے کہ منشیات کی اسمگلنگ کے شبہ میں یہ حملہ کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ایک مشکوک کشتی پر امریکی فوج کے فضائی حملے میں تین افراد ہلاک ہو گئے۔
یو پی آئی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یہ حملہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر کیا گیا۔
امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگ سیتھ نے اس کشتی سے وابستہ مبینہ اسمگلنگ کرنے والے گروپ کا نام نہیں بتایا اور نہ ہی اس بات کا ثبوت پیش کیا کہ یہ گروپ منشیات اسمگل کر رہا تھا۔
پیٹ ہیگ سیتھ نے سوشل میڈیا ایکس پر ایک پیغام میں لکھا ہے کہ ریاستہائے متحدہ کے صدر کی ہدایت پر، وزارت جنگ نے ایک دہشت گرد سے وابستہ کشتی پر مہلک حملہ کیا۔ اس ایکس پیغام کے ساتھ ایک ویڈیو بھی منسلک تھی جس میں ایک کشتی دکھائی دیتی ہے، پھر سیاہ اور سفید تصاویر میں کشتی آگ کے شعلوں میں جلتی نظر آتی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ امریکی فوج منشیات کی اسمگلنگ سے مقابلے کی آڑ میں کھُلے سمندر میں اب تک کم سے کم 17 مشکوک کشتیوں کو نشانہ بنا چکی ہے۔ ان حملوں میں تقریباً 70 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔