آذربائیجان: یومِ فتح تقریب میں پاکستانی وزیر اعظم کی خصوصی شرکت
آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ملک کے یومِ فتح کی تقریب میں پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے خصوصی شرکت کی ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے، جو آذربائیجان کے دورے پر ہیں، باکو میں منعقدہ آذربائیجان کے یومِِ فتح کی تقریب میں خصوصی شرکت کی ہے۔ آذربائیجان کے صدر الہام علی اوف نے انہیں اپنے ملک کے دورے کی خصوصی دعوت دی تھی۔ یومِ فتح تقریب میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔
اس تقریب میں پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے قومی ترانے بجائے گئے اور پاکستانی فوج کا خصوصی دستہ یوم فتح کی پریڈ میں شریک ہوا۔
اس موقع پر آذربائیجان کے صدر الہام علی اوف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان، پاکستان اور ترکیہ نے باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ اور پاکستان نے جس طرح ہمارا ساتھ دیا، اس کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، اپنے بھائی شہبازشریف کی تقریب میں شرکت پر مجھے خوشی ہے، میرے بھائی رجب طیب اردوغان بھی تقریب میں موجود ہیں۔
الہام علی اوف کا کہنا تھا کہ تمام معزز مہمانوں کا خیر مقدم کرتا ہوں، آج یومِ فتح پر میں اپنی قوم کو بھی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے باکو میں یوم فتح کی تقریب سے خطاب کیا اور کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان نے ہمیشہ دوستی اور یکجہتی کا ثبوت دیا ہے، پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے لوگوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، پاکستان کے عوام کی جانب سے آذربائیجان کے عوام اور حکومت کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان، آذربائیجان اور ترکیہ ایک خاندان کی مانند ہیں، ہمیں اتحاد اور یکجہتی سے آگے بڑھتے رہنا ہے۔