Nov ۰۸, ۲۰۲۵ ۱۵:۴۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان: ممبئی میں بی جے پی لیڈروں کی مبینہ شرانگیری، مسلم اراکینِ اسمبلی کے دفتر کے باہر متنازعہ گیت گایا

اطلاعات کے مطابق متنازعہ گیت وندے ماترم کے 150 سال پورے ہونے کی مناسبت سے ہندوستان کی ریاست مہاراشٹر میں بی جے پی لیڈروں نے ممبئی میں مسلم اراکینِ اسمبلی کے دفتر کے باہر یہ متنازعہ گیت گایا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق بی جے پی لیڈروں نے ابو عاصم اعظمی، امین پٹیل  اور اسلم شیخ  کے دفتروں کے باہر متنازعہ گیت "وندے ماترم" گا کر فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کی۔

اس موقع پر ابوعاصم اعظمی نے مطالبہ کیا کہ جبراً وندے ماترم پڑھوانے کی کوشش کرنے والوں اور سطحی سیاست کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے۔ ابو عاصم اعظمی نے کہا کہ ’’عدالت نے یہ اختیار دیا ہے کہ جو چاہے، وہ وندے ماترم پڑھے اور جو چاہے نہ پڑھے، اس کے لئے کسی پر جبر نہیں کیا جاسکتا ہے، اس کے باوجود بی  ایم  سی الیکشن کو ذہن میں رکھتے ہوئے بی جے پی  لیڈر ایک بار پھر مذہبی نفرت پھیلانے کی سیاست کر ر ہے ہیں اور میرے گھر کے قریب انہوں نے وندے ماترم گانے کا پروگرام کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ "ہم مسلمانوں کے آبا و اجداد نے ملک کی  جنگ آزادی میں شہادت کا جام پیا اور جو لوگ اس وقت انگریزوں کی دلالی کرتے تھے، وہ آج ہمیں حب الوطنی سکھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ افسوسناک ہے ۔ مَیں ان کے خلاف کورٹ سے رجوع کروں گا" اور یہ کہ "میرے دفتر میں وندے ماترم گائیں۔"

ملاڈ مغرب کے رکنِ اسمبلی اسلم شیخ نے کہا کہ ’’ممبئی بی جے پی کے صدر امیت ساٹم اور دیگر لیڈران جو میرے دفتر کے سامنے سڑک پر وندے ماترم گانے کا اہتمام کر رہے ہیں،  ان سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ سڑک پر پروگرام کرنے کے بجائے میرے دفتر میں پروگرام کریں، ہم انہیں تمام ضروری سہولیات فراہم کریں گے۔"

 

ٹیگس