May ۲۲, ۲۰۲۰ ۱۱:۰۳ Asia/Tehran
  • سی پیک سے متعلق امریکہ کا بیان غیر ذمہ دارانہ اور بے بنیاد ہے: چین

پاکستان میں چینی سفارت خانے نے پاکستان - چین تعلقات اور سی پیک سے متعلق امریکا کی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز کے بیان کو مسترد کردیا ہے۔

پاکستان میں چینی سفارتخانے کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایلس ویلز کے پاکستان - چین تعلقات اور سی پیک سے متعلق بیان کا نوٹس لیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ایلس ویلز کا بیان غیر ذمہ دارانہ، مکمل بے بنیاد اور پرانی طرز پر مبنی ہے، یہ پاکستان - چین تعلقات کو بدنام کرنے کی ایک اور بھونڈی کوشش ہے، چین اس بیان کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔

چینی سفارت خانے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ چین امریکی عہدے دار کے بیان کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔ یہ پاکستان - چین تعلقات کو بدنام کرنے کی ایک اور بھونڈی کوشش ہے ۔ایلس ویلز کا بیان غیر ذمہ دارانہ مکمل بے بنیاد اور پرانی طرز پر مبنی ہے۔ سی پیک چین اور پاکستان کا اہم مشترکہ منصوبہ ہے۔

سفارت خانے سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ امریکا پاکستان کو احترام کی نظر سے دیکھے اور جامع مدد فراہم کرے ۔امریکا اپنی سرد جنگ اور بند سوچ سے باہر نکلے۔ امریکا کے غیر ذمہ دارانہ بیانات بے مقصد ہیں ۔ امید رکھتے ہیں کہ امریکا چین اور پاکستان کے حوالے سے بنیادی احترام کا اظہار کرے گا۔ چین نے ایف اے ٹی ایف کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کی بھی ہمیشہ مخالفت کی ہے۔

واضح رہے کہ بدھ کو ویڈیو لنک کے ذریعے  پاکستان میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ایلز ویلز کا سی پیک  کے حوالے سے کہنا تھا کہ سی پیک یا دوسرے ترقیاتی منصوبوں کے لیے ہم سرمایہ کاری کو عالمی معیار کے مطابق دیکھنا چاہتے ہیں، یہ سرمایہ کاری دیرپا ہونی چاہیے جو خطے کے فائدہ میں ہو، سی پیک میں شفافیت کی کمی پر ہمیں سخت تشویش ہے، پاک چین تجارتی حجم میں بہت زیادہ عدم توازن ہے جب کہ کورونا وائرس کی وبا کے اس وقت جب دنیا کو معاشی چیلنجز درپیش ہیں، چین کو پاکستان کو غیرمنصفانہ قرضوں کی شرائط تبدیل کرنا چاہئیں۔

ٹیگس